مشاعر مقدسہ میں سعودی الیکٹرک کمپنی کی قابل اعتماد خدمات
مشاعر مقدسہ میں سعودی الیکٹرک کمپنی کی قابل اعتماد خدمات
بدھ 29 جولائی 2020 14:25
500 انجینئرز اور ماہرین بجلی کا تسلسل قائم رکھنے کے لیے تعینات ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میں دوران حج مسجد الحرام میں حاجیوں کی آمد کے موقع پر ان کی صحت کی دیکھ بھال اور حفاظت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حج سیکیورٹی فورسنز کے اسسٹنٹ کمانڈر میجر جنرل محمد بن وصل الاحمدی نے بتایا ہے کہ حجاج کرام کی سیکیورٹی کے لیے حج انتظامات کی حتمی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلاو کو ہر ممکن روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے طور پر مسجد الحرام میں داخلی اور خارجی راستے الگ الگ متعین کئے گئے ہیں۔
رواں سال حج کے لیےحفاظتی انتظامات ، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر منصوبوں پر خصوصی طور پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔
سعودی الیکٹرک کمپنی (ایس ای سی) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں دوران حج تمام تر انتظامات کے ساتھ قابل اعتماد خدمات کو یقینی بنانے کے لیے ماہر عملہ ہر وقت موجود ہے۔
سعودی الیکٹرک کمپنی کے ویسٹرن سیکشن کے انچارج اور دوران حج جنرل سپروائزر عبدالسلام بن راشد العمری نے بتایا ہے کہ وزارت توانائی کی زیر نگرانی الیکٹرک کمپنی کا آپریشنل منصوبہ مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔
عبدالسلام بن راشد العمری نے مزید بتایا کہ آپریشنل پلان پر عملدرآمد کے لیے 500 انجینئرز، ٹیکنیشنز ، ماہرین اور تربیت یافتہ افراد بجلی کی فراہمی کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لیے تعینات ہیں۔
مشاعر مقدسہ کے تمام مقامات پر 66 تکنیکی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کے لیے موجود رہیں گی۔
الیکٹرک کمپنی نے رواں حج سیزن کے لیے اپنے بہت سارے تکنیکی ماہرین کو دور دراز علاقوں سے یہاں تعینات کیا ہے۔
کورونا وائرس سے بچاو کے لیے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے مکمل آگاہی دی ہے تا کہ حج کے دوران مختلف مقدس مقامات پر اپنی خدمات بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔
عبدالسلام العمری نے مزید بتایا کہ اس سال بجلی پیداوار ، ترسیل و تقسیم کے منصوبوں پر 1.3 بلین ریال مختص کئے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں مکہ مکرمہ اور حج کے دیگر مقدس مقامات پر مزید بہتر طریقے اپنائے جائیں گے۔
مشاعر مقدسہ میں 66 ملین ریال کی لاگت سے موبائل ٹرانسمینش سٹیشن بھی قائم کئے گئے ہیں۔
سعودی الیکٹرک کمپنی کے پاس مکہ مکرمہ ، مسجد الحرام اور مشاعر مقدسہ کو بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات ہیں۔