Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برٹش ایئرویز کی پہلی پرواز 14 اگست کو

برٹش ایئرویز کی پروازوں کو وبا کی وجہ سے بند کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمیشن کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ایئرلائن ہیتھرو ایئرپورٹ اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار تین براہِ راست پروازیں شروع کر رہی ہے۔
'اس سلسلے کی پہلی پرواز 14 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔ ایئرلائن کی جانب سے اپنے عملے اور مسافروں کے تحفظ  کے لیے خصوصی طور پر اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔'
 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پروازوں کی بحالی برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور عوام سے عوام کے تعلقات کو جوڑنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'کووڈ 19 سے تحفظ کی خاطر مسافروں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے اور انہیں دورانِ پرواز ہینڈ سینیٹائزرز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
' عملے کے ارکان دورانِ پرواز خصوصی حفاظتی لباس میں ملبوس رہیں گے۔ مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہوائی اڈوں پر خصوصی طور پر اضافی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔'
پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچیئن ٹرنر نے کہا ہے کہ یہ برطانیہ اور پاکستان کے دو طرفہ روابط کے لیے ایک اہم موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'برٹش ایئرویز کی براہِ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز ہمارے دونوں عظیم ممالک کے درمیان باقاعدگی سے سفر کرنے والے ہزاروں لاکھوں مسافروں کے لیے بہت خوشی کی خبر ہے۔'
'خاص طور پر وہ افراد جن کے سفری منصوبے وبائی مرض کے باعث متاثر ہوئے۔ میں اس خوش آئند خبر کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بہت محنت کرنے پر حکومتِ پاکستان، برٹش ایئرویز اور پاکستان میں اپنے عملے کے ارکان کا شکر گزار ہوں۔'

برٹش ایئرویز نے مسافروں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

برٹش ایئرویز کے ہیڈ آف سیلز برائے ایشیا پیسفک اور مشرقِ وسطٰی، مورن بِرجر نے کہا کہ 'پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایک بار پھر فضائی سفر کا آغاز ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔'
 'ہم سمجھ سکتے ہیں کہ دونوں ممالک میں ہمارے بہت سارے صارفین اپنے دوستوں اور عزیزوں سے دوبارہ ملاقات  کا انتظار کر رہے ہیں ۔ ہم ان صارفین کے دوبارہ خیر مقدم کے منتظر ہیں۔'
پاکستان کے لیے برٹش ایئرویز کی براہِ  راست پروازوں کا دس سال کے وقفے کے بعد 2019 میں دوبارہ آغاز ہوا تھا۔ برٹش ایئرویز کی پرواز سب سے پہلے 1976 میں اسلام آباد گئی تھی۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے ہفتہ وار تین پروازیں اتوار، منگل اور جمعرات کے دن مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 روانہ ہو کر اسلام  آباد کے مقامی وقت کے مطابق صبح 04:20  بجے پہنچیں گی۔

اسلام آباد سے ہفتہ وار تین پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد سے پروازیں پیر، بدھ اور جمعرات کے دن صبح 06:15 بجے روانہ ہو کر لندن کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچیں گی۔
واضح رہے کہ اردو نیوز نے برٹش ایئرویز کی پروازوں کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے منگل کو خبر دے دی تھی۔
خبر میں بتایا گیا تھا کہ برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں برٹش ایئرویز نے پاکستانی حکام سے انتظامات مکمل کرنے سے متعلق یقین دہانی مانگی ہے۔ 
برٹش ایئرویز نے اسلام آباد ایئرپورٹ مینیجر سے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی اور دیگر سہولیات شروع کرنے کے بارے میں بتایا جائے۔

شیئر: