Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی پولیس کا سشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات کا فیصلہ

پیر کو سشانت سنگھ راجپوت کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیش مُکھ کا کہنا ہے کہ ممبئی پولیس بالی وڈ ہیرو سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ پیشہ وارانہ رقابت کے سبب کلینیکل ڈیپریشن کا شکار ہوکر خود کشی کرنے کی تحقیقات کرے گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق انیل دیش مُکھ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی، تاہم میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ پیشہ وارانہ رقابت کے باعث کلینکل ڈیپریشن سے گزر رہے تھے۔ ممبئی پولیس اس زاویے سے بھی تحقیقات کرے گی۔

 

سشانت سنگھ راجپوت اتوار 14 جون کی دوپہر ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ 34 سالہ اداکار کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی۔ پیر کے روز وائل پارلے کے شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔
سشانت سنگھ کی موت کے بعد یہ تنازع سامنے آیا کہ ان کی خودکشی کا تعلق پیشہ وارانہ رقابت سے ہے، بالی وڈ کی سپر سٹار کنگنا رناوت نے بھی پیشہ وارانہ رقابت کو ان کی موت کی وجہ قرار دیا ہے۔
سشانت سنگھ نے بالی وڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں شُدھ دیسی رومینس، رابطہ، کیدارناتھ اور سونچریا شامل ہیں تاہم انہوں نے سب سے اہم کردار انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری' میں ادا کیا۔

کنگنا رناوت نے بھی پیشہ وارانہ رقابت کو سشانت کی موت کا سبب قرار دیا (فوٹو: پی ٹی آئی)

یہ فلم 2016 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کاسٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کے علاوہ کیارا ایڈوانی، بھومیکا چاؤلہ، دیشا پٹانی اور انوپم کھیر شامل تھے۔
ان کی موت بالی وڈ انڈسٹری کے لیے ایک اور صدمہ قرار دیا جا رہا ہے، ابھی کچھ عرصہ قبل ہی عرفان خان، رشی کپور اور باسو چیٹرجی بھی اس جہانِ فانی سے کُوچ کر گئے تھے۔

شیئر: