تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں آئندہ 5 دنوں تک موسم ابرآلود جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ علاقے میں ہونے والی متوقع بارش سے خبردار رہیں۔
ویب نیوز سبق کے مطابق ریجنل شہری دفاع کے ترجمان کرنل جمعان الغامدی کا کہنا ہے کہ ’الباحہ ریجن میں منگل چار اگست سے سنیچر تک علاقے میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں شدید بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہے گی‘۔
شہری دفاع کی جانب سے علاقے میں رہنے والوں کے علاوہ وہاں تفریح کےلیے آنے والوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ ’وادیوں میں قیام سے گریز کریں خاص کر ایسے مقامات پر کیمپنگ نہ کی جائے جو سیلابی ریلے کی گزرگاہیں ہیں‘۔
’نشیبی علاقوں میں نہ ٹہرا جائے اور بہتے ہوئے سیلابی ریلے سے دوررہیں‘۔
شہری دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ’ ریجن میں تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے اعتبار سے شہری دفاع کی جانب سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی حالت میں ایمرجنسی نمبر 998 پر کال کر کے مدد حاصل کی جاسکتی ہے‘۔