Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں 47 لاکھ سے زائد کورونا متاثرین

لاطینی امریکہ کے ممالک میں متاثرین 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سمیت دنیا کے کچھ ممالک میں کورونا کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے لیکن امریکہ اور لاطینی امریکہ کے ممالک اب بھی بری طرح وبا کی لپیٹ میں ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 82 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور چھ لاکھ 91 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 532 اموات ہوئی ہیں۔ کیسز کی یہ تعداد گذشتہ پانچ دنوں میں  کے مقابلے میں کم ہے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا تھا کہ جنوبی اور مغربی امریکہ میں کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے جو ایک ’حوصلہ افزا‘ بات ہے۔
تاہم اس سے ایک روز قبل وائٹ ہاؤس میں کورونا وائرس ایڈوائزر ڈیبورا برکس نے خبردار کیا تھا کہ امریکہ وبا کی ایک ’نئے مرحلے‘ میں داخل ہو رہی ہے اور دیہی علاقوں کو بھی اتنا ہی خطرہ ہے جتنا بڑے شہروں کو ہے۔
امریکہ میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 47 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتیں ایک لاکھ 55 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔
ادھر لاطینی امریکہ کے ممالک میں متاثرین 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئے ہیں اور ان میں آدھے سے زائد کیسز برازیل میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اموات دو لاکھ سے بڑھ چکی ہیں۔
برازیل میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 27 لاکھ سے زیادہ ہے اور اموات 94 ہزار سے زائد ہیں۔
لاطینی امریکہ میں وبا سے زیادہ متاثر ہونے والا دوسرا ملک پیرو ہے جہاں تقریباً چار لاکھ 30 ہزار کے قریب متاثرین ہیں اور 19 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں اور ماہرین نے کہا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ کشیدگی کا شکار ممالک میں امدادی کاموں کی صورت حال ابتر ہو رہی ہے اور اس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے تشدد کو ہوا ملے گی۔

انڈیا میں 18 لاکھ  سے زائد افراد متاثر جبکہ 38 ہزار ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

امریکہ میں مقیم اقوام متحدہ کے ماہر رچرڈ گوان کا کہنا ہے کہ ’یہ بات قابل تشویش ہے کہ معاشی بحران سے صورت حال مزید خراب ہو گی اور کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ مارچ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی سیز فائر کی اپیل کی تھی جسے نظر انداز کر دیا گیا تھا۔
ادھر انڈیا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک 18 لاکھ  سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، اور 38 ہزار 135 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
روس میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ 54 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 183 ہے۔ 
جنوبی افریقہ میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ 16 ہزار سے زیادہ ہے، اور آٹھ ہزار 539 افراد اب تک وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: