انڈیا: تین دنوں میں ایک لاکھ 60 ہزار نئے کورونا کیسز
انڈیا: تین دنوں میں ایک لاکھ 60 ہزار نئے کورونا کیسز
ہفتہ 1 اگست 2020 15:52
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر میں کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے نئے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں اور اب متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 17 لاکھ پہنچ چکی ہے۔
انڈیا کی وزرات صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں مزید 57 ہزار 118 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اسی دوران 764 مزید افراد اس مہلک بیماری سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اموات کی تعداد 36 ہزار 511 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین دنوں میں تقریبا ایک لاکھ 60 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق اب تک انڈیا میں ایک کروڑ 93 لاکھ سے زیادہ افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ملک میں کورونا کے مثبت کی شرح ساڑھے آٹھ فیصد سے کچھ زیادہ ہے۔
صرف جولائی کے مہینے میں تقریبا 11 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
ریاست مہاراشٹر میں اب تک کووڈ 19 کے کیسز سوا چار لاکھ کے لگ بھگ ہیں جبکہ تمل ناڈو میں یہ تعداد تقریبا ڈھائی لاکھ ہے۔ مہاراشٹر میں اب تک سب سے زیادہ اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔
آندھر پردیش نے کورونا کیسز کے معاملے میں دہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ تیسرے نمبر پر ہے۔ گذشتہ تین دنوں میں وہاں 30 ہزار سے زیادہ نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔
مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح بڑھ رہی ہے اور اب یہ 64 فیصد سے زیادہ ہے۔ دہلی میں اروند کیجریوال کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہاں ریکوری ریٹ 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
انڈیا کے نائب وزیر داخلہ جی کرشنا ریڈی نے کہا ہے کہ دوسری ریاستوں کو وائرس سے جنگ کے معاملے میں دہلی سے سبق لینا چاہیے۔
وزیر داخلہ نے حیدرآباد میں کہا کہ انھوں نے تیلنگانہ حکومت سے درخواست کی ہے کہ کورونا کی جانچ پر توجہ مرکوز کرے، انفیکشن کے ذریعے کا پتہ چلائے اور دہلی ماڈل کی پیروی کرتے ہوئے کورونا کے خلاف جنگ لڑے۔