سعودی عرب 60 برس سے لبنان کی تعمیر نو میں حصہ لے رہا ہے۔ (فوٹو سبق)
لبنانی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) محمد فہمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے لبنان کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ مملکت ہی خطے کی بنیاد ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محمد فہمی نے لبنانی بھائیوں کے لیے 120 ٹن امدادی سامان لے جانے والے سعودی طیاروں کے بیروت پہنچنے پر عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بیروت بندرگاہ کے دھماکے کے بعد لبنان کے لیے سعودی عرب کی طرف سے برق رفتاری سے امدادی سامان کی فراہمی پر لبنان کو حیرت نہیں ہوئی۔ یہ فطری امر ہے کہ سعودی عرب ہمیں پہلی فرصت میں امداد سے نوازے۔
لبنانی وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب طویل زمانے سے ہماری مدد کررہا ہے۔ اب بھی اقتصادی اور مالی امداد سے نواز رہا ہے۔ سعودی امداد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ سعودی عرب اور لبنان مضبوط گہرے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔
لبنانی وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب 60 برس سے لبنان کی تعمیر نو میں حصہ لے رہا ہے۔ انہوں نے آرزو ظاہر کی کہ نئی سعودی امداد لبنان کے سیاسی منظر نامے کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
لبنانی وزیر داخلہ نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہی خطے کی اصل کنجی ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان کے حکم پر دو سعودی طیارے امدادی سامان لے کر بیروت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ ان پر 120 ٹن امدادی سامان لدا ہوا ہے۔
امدادی سامان میں مصنوعی تنفس کے آلات، انتہائی نگہداشت کے کام آنے والی میڈیکل مشینیں، انواع و اقسام کی ادویہ، اینٹی بائیوٹک، سینیٹائزر، ماسک، طبی لوازمات، کھانے پینے کی اشیا، خیمے اور کمبل شامل ہیں۔