السودہ اپنے خوبصورت نظاروں کی وجہ سے سیاحوں میں مشہور ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے جنوبی السودہ پہاڑیوں میں سطح سمندر سے تقریباً تین سو میٹر اونچائی پر واقع بادلوں کے اوپر چھپا گاؤں ’السودہ‘ قدرتی حسن سے مالامال ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کہ السودہ کا گاؤں اردگرد کا 360 ڈگری کا نظارہ پیش کرتا ہے، اس گاؤں میں ہرے بھرے پہاڑ، گھنے جنگلات اور پہاڑوں کی چوٹیاں اور وادیاں ہیں۔
یہ گاؤں ابہا سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، یہ علاقہ اپنے ورثہ، تاریخ، ثقافت اور پورا سال بہتر موسم کی وجہ سے سیاحوں کے لیے ایک پرکشش سیاحتی مقام ہے۔
السودہ سے تھامتہ کی خوبصورت پہاڑیوں کا بھی نظارہ ہوتا ہے، دیگر علاقوں کو نسبت یہاں لوگ کم ہوتے ہیں۔
یہاں گرمیوں میں بھی درجہ حرارت صفر ڈگری سے نیچے گر سکتا ہے۔
فیزیوتھیراپسٹ اور آرٹسٹ اہلم مشہدی نے عرب نیوز کو بتایا کہ پہاڑوں نے ان کو کام کے لیے ایک متاثر کن اور بہترین ماحول مہیا کیا ہے۔
’میں خود کو تازہ دم اور چست محسوس کر رہی ہوں، مراقبے کی وجہ سے میں پرسکون محسوس کر رہی ہوں اور قدرتی نظاروں سے لطف اٹھا رہی ہوں۔ بادلوں کے نظارے نے میرے تخیل کو پرواز دی اور مجھے یقین ہے دیگر فنکار بھی میری طرح مستفید ہوں گے جو انوکھے کام کرنا پسند کرتے ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ السودہ کی یادیں میرے ساتھ ہمیشہ جڑی رہیں گی کیونکہ یہاں کی خوبصوتی خالص اور بہت متاثر کن ہے۔
اس گاؤں کی سیر کرنے والے ماہر نفسیات عبدالرحمان الزہرانی نے بتایا کہ کچھ لوگ اس کے خوبصورت نظاروں سے متاثر ہوں گے جبکہ کچھ لوگ اونچائی پر اس کے سرد موسم سے لطف اندوز ہوں گے اور کچھ لوگ اس کے زبردست احساس کی وجہ سے حیرت میں ہوں گے۔
فوٹوگرافر ناصر الشہری کہتے ہیں کہ پہاڑ کی چوٹی سے بادلوں اور وادیوں کے شاٹس لینے سے ان کو بے حد خوشی ہوئی۔
السودہ کے دیہی علاقے اور پہاڑوں میں ٹریکرز اور گھومنے والوں کے لیے بھی بہت کچھ ہے۔