Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب انگلینڈ پر پاکستان آنا قرض ہو چکا ہے‘

وسیم اکرم کو توقع ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ ٹیم پاکستان بھیجے گا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیسے جیسے آگے بڑھ رہی ہے، ساتھ ساتھ یہ گفتگو بھی شدت اختیار کرتی جا رہی ہے کہ انگلینڈ پاکستان کا جوابی دورہ کب کرے گا۔
پاکستان کرکٹ کے مبصرین اور سوشل میڈیا صارفین پرامید ہیں کہ انگلش ٹیم جلد پاکستان کا جوابی دورہ کرے گی، البتہ کچھ ایسے بھی ہیں جو واضح اعلان نہ ہونے تک اس معاملے سے زیادہ امیدیں قائم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انگلینڈ کے جوابی دورہ پاکستان کا ذکر کیا تو اسے انگلینڈ پر قرض سے تعبیر کیا۔
وسیم اکرم نے توقع ظاہر کی کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) 2022 میں اپنے طے شدہ دورہ پاکستان پر ضرور عمل کرے گا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے 2005 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ 2009 میں سری لنکن ٹیم کی بس پر لاہور میں حملے کے بعد غیرملکی ٹیموں کے دورہ پاکستان بالکل ہی ختم ہو گئے تھے۔ البتہ بعد میں سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیل چکی ہیں۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’آپ (انگلینڈ) پر پاکستان کرکٹ کا قرض ہے‘۔ 
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ میں انگلش کرکٹرز کی شمولیت انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو حوصلہ دے گی کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے ٹیم بھیج سکتے ہیں۔ اگر انگلینڈ کرکٹ بورڈ ٹیم پاکستان بھیجتا ہے تو میدان میں اور میدان کے باہر اس کا بھرپور خیال رکھا جائے گا اور ہر گیم پیکڈ ہاؤس ہو گی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں دلچسپی لینے والے سوشل میڈیا صارفین وسیم اکرم کے حالیہ بیان کا ذکر کرتے ہوئے اس سے متعلق ٹویٹس کرتے رہے۔

وسیم اکرم کے مطابق انگلش پلیئرز ایلکس ہیلز اور کرس جانسن ہماری ٹیم کراچی کنگز میں شامل تھے، انہوں نے اس کو بھرپور طریقے سے انجوائے کیا ہے۔ میں حکومت پاکستان، پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستانی ٹیم و سٹاف کو اس کا کریڈٹ دوں گا‘۔
انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے بھرپور ہونے سے متعلق توقع ظاہر کرنے میں وسیم اکرم اکیلے نہیں تھے بلکہ کرکٹ شائقین بھی ان کے اس موقف کے حامی دکھائی دیے۔

رواں ماہ کے شروع میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان توقع ظاہر کر چکے ہیں کہ انگلینڈ دو برسوں میں اپنا طے شدہ دورہ پاکستان کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے طے شدہ دورے سے قبل انگلش ٹیم کے مختصر دورے پر پاکستان آنے کے لیے ای سی بی سے سے بات کریں گے۔
انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد میزبان سائیڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں