سپر لیگ میں 12رکن ممالک کے علاوہ نیدر لینڈز کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔ فوٹو اے ایف پی
سنہ 2023 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ کی ٹیموں کے انتخاب کے لیے ایک روزہ سپر لیگ کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق 2023 کے ورلڈ کپ کی میزبانی انڈیا کرے گا جس میں کھیلنے والی ٹیموں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ جمعرات سے شروع ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیریز کا پہلا میچ ساؤتھ ایمپٹن میں انگلینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اس ایونٹ میں آئی سی سی کے 12رکن ممالک کے علاوہ نیدر لینڈز کی ٹیم بھی حصہ لے گی۔
میزبان ٹیم انڈیا کے علاوہ ٹاپ سات ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی۔
اس کے بعد 10 ٹیموں کا ایک اور کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائے گا جس میں پہلے مرحلے میں ناکام رہنے والی پانچ ٹیمیں اور آئی سی سی کی ٹاپ فائیو ایسوسی ایٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں سے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی مزید دو ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میچز کے محفوظ انعقاد کے لیے رکن ممالک کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر کا کہنا تھا کہ 50 اوور کے ورلڈ کپ کی تاریخ 2023 کے آخر تک ملتوی کرنے سے زیادہ میچز شیڈول کرنے کا موقع مل گیا ہے جو عالمی وبا کے باعث منعقد نہیں ہو سکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کا چناؤ باقاعدہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت ہی ہوگا تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث سپر لیگ کے میچز ویسے ہی تاخیر کا شکار رہے ہیں۔
آئر لینڈ ٹیم کے کپتان اینڈریو بالبرنی نے انگلینڈ کی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی ٹیم جس نے ایک سال پہلے ہی ورلڈ کپ جیتا ہو، اسے شکست دینا چیلنج سے کم نہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ان مشکل حالات میں بھی بین الاقوامی کرکٹ ایک مرتبہ پھر میدان میں کھیلی جائے گی۔
گزشتہ سال آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ آغاز کے ایک سال بعد سپر لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔