امارات میں اقامہ دائمہ کے لیے پانچ شرائط
ملٹی پل ویزہ چھ ماہ کے لیے جاری ہوگا (فوٹو: دی نیشنل یو اے ای)
متحدہ عرب امارات نے اقامہ دائمہ حاصل کرنے کے لیے 5 شرائط جاری کی ہیں۔ شرائط پوری کرنے والے اقامہ دائمہ کے حقدار نہیں ہوں گے۔ ان کی درخواست مسترد بھی کی جاسکتی ہے اور منظور بھی ہوسکتی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق اقامہ دائمہ کی مقررہ شرائط پوری کرنے والوں کی درخواستوں کا جائزہ خصوصی کمیٹیاں لیتی ہیں۔ درخواست کے ساتھ متعلقہ دستاویزات چیک کی جاتی ہیں۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں امیدوار کو اقامہ دائمہ حاصل کرنے کے لیے محکمہ شہریت و قومیت سے رجوع کرکے قانونی کارروائی مکمل کرنا پڑتی ہے۔
متحدہ عرب امارات سرمایہ کاروں کو 5 سالہ اقامہ جاری کررہا ہے- یہ قابل توسیع ہوتا ہے- اس اقامے کے لیے پانچ شرائط مقرر کی گئی ہیں جو کہ یہ ہیں۔
امیدوار کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ منفرد کاروباری ہونے کا تجربہ رکھتا ہے۔
دوسری شرط یہ ہے کہ امیدوار پیش کردہ پروجیکٹ کا بڑا حصے دار ہو یا پروجیکٹ کی انتظامیہ کا رکن ہو۔
امیدوار متحدہ عرب امارات میں رہن سہن کے لیے تیار ہو۔
متحدہ عرب امارات کی کسی ایک ریاست میں تجارتی منصوبہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہو۔ امیدوار امارات میں کوئی لائحہ عمل یا کسی منصوبے کا تصور پیش کررہا ہو۔
پانچویں شرط یہ ہے کہ امیدوار محکمہ شہریت و قومیت کے تقاضوں کو پورا کررہا ہو۔ اس حوالے سے اس کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔
سرکاری ادارے نے توجہ دلائی ہے کہ امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ وہ دبئی میں اے آر ای اے 2071 یا ابوظبی میں ایچ او بی 71 سے اپنی نامزدگی کی منظوری حاصل کرے- اس منظوری کے بعد ہی اسے محکمہ شہریت و قومیت کی جانب سے ویزے کی درخواست پیش کرنے کے لیے دعوت نامہ جاری کیا جائے گا۔
امارات کے سرکاری ادارے کے مطابق منفرد کاروباریوں کے لیے ویزہ گولڈن ریزیڈنس سسٹم کا حصہ ہے۔ اس کی بدولت ہی افراد کو اقامہ دائمہ ملتا ہے- انہیں اور ان کے اہل خانہ کو غیر معمولی مراعات حاصل ہوتی ہیں- اچھوتے کاروبار میں نام رکھنے والا کوئی بھی انسان اس کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔
ویزے کی کارروائی کیسے کریں؟
گولڈن ریزیڈنس کی درخواست کے لیے ای پلیٹ فارم https://business.goldenvisa.ae کا رخ کیا جائے-
امیدوار نیا اکاؤنٹ قائم کرکے درخواست پیش کرے-
درخواست پر نظرثانی 30 روز کے اندر ہوگی-
درخواست منظور ہونے کی صورت میں امیدوار کو مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کرنے اور ویزے کے حصول کی درخواست دینے کے لیے لنک دیا جائے گا-
منظوری نہ آنے کی صورت میں امیدوار 30 دن تک انتظار کرکے نئی درخواست پیش کرسکتا ہے- منظوری کے بعد امیدوار درخواست مکمل کرے گا- یہ کام مکمل کرنے پر اسے ای میل کے ذریعے بتایا جائے گا کہ ویزہ حاصل کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا-
ملٹی پل ویزہ چھ ماہ کے لیے جاری ہوگا- اس دوران امیدوار سرمایہ کار امارات میں اپنا پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے صورت حال کا جائزہ لے گا- ویزے کی درخواست کی کارروائی مکمل کرے گا تاکہ عارضی ویزے کو اقامہ دائمہ میں تبدیل کرسکے-
اگر امیدوار امارات میں مقیم ہوگا تو اسے ایک ماہ کا عارضی ویزہ دیا جائے گا اور اسے عارضی ویزے کو اقامہ دائمہ میں تبدیل کرنے کے لیے کہا جائے گا-
یاد رہے کہ منفرد کاروبار کرنے والوں کو 5 برس کا قابل توسیع اقامہ ملے گا- اس کے لیے انہیں کسی اماراتی سپانسر کی ضرورت نہیں ہوگی- سرمایہ کار کی بیوی یا شوہر، اولاد اور تین ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کو بھی 5، 5 سال کا اقامہ جاری ہوگا -
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں