Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں 212 ڈاکٹروں کے لیے گولڈن ویزہ

دبئی میں بھی دیگر ملکوں کی طرح لاک ڈاؤن کیا گیا (فوٹو: اے پی)
دبئی کے حکمران محمد بن راشد آل مکتوم نے 212 ڈاکٹروں کو ان کی خدمات پر دس برس کے لیے ملک کا گولڈن ویزہ جاری کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 'یہ 212 ڈاکٹرز دبئی ہیلتھ اتھارٹی سے منسلک ہیں اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔'
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد نے بھی ریاستوں میں وائرس کے پھیلاؤ کے دوران خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں، طبی عملے، نرسنگ اور محکمہ صحت کے انتظامی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 

امارات کی وام نیوز ایجنسی کے مطابق محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ 'متحدہ عرب امارات میں بسنے والے افراد جو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے اتحاد اور ہم آہنگی کی وجہ سے ملک اس بحران سے کامیابی سے نکل آئے گا۔'
گذشتہ برس پہلی بار متعارف کرایا گیا گولڈن ویزہ ڈاکٹروں، سائنس دانوں، تخلیق کاروں، ریسرچرز، سرمایہ کاروں اور دیگر شعبوں میں نمایاں کام کرنے والوں کو جاری کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی میں بھی دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا تھا جس میں اب نرمی کی جا رہی ہے۔ دبئی میں حکام نے بعض ہوٹلوں کو ساحل پر مہمانوں کے لیے نجی بیچز کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ 

شیئر: