Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: 2500 غیر ملکیوں کو مستقل رہائشی کارڈ جاری 

’امارات میں ڈھائی ہزار افراد کو مستقل رہائش کے گولڈن کارڈز دیے جا رہے ہیں۔‘
متحدہ عرب امارات نے ملک میں کام کرنے والے 2 ہزار 500 غیر ملکیوں کو مستقل رہائش دینے کا اعلان کیا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر کہا ہے کہ ’ہم سائنس دانوں، ڈاکٹرز، محققین اور سرمایہ کاروں کے پہلے گروپ کو امارات میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ امارات میں ڈھائی ہزار افراد کو مستقل رہائش کے گولڈن کارڈز دیے جا رہے ہیں۔‘

نائب صدر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سائنسدانوں اور قابلیت رکھنے والے افراد کا ملک ہے، فوٹو: گلف نیوز

 اپنے پیغام میں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات ایسے سائنس دانوں اور قابلیت رکھنے والے افراد کا ملک ہے جو بہتر تبدیلی کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے شناخت و شہریت سے متعلقہ ادارے کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ ان تمام افراد کو گولڈن ریزیڈنس کارڈ جاری کرے۔
ابوظبی میں ہونے والی اس پروقار تقریب میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ مستقل رہائش حاصل کرنے والے افراد اپنے اہل خانہ سمیت موجود تھے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے اعلیٰ سائنس سارہ بنت یوسف العمری نے کہا ہے کہ سائنسدانوں کو گولڈن ریزیڈنس کارڈ جاری کرنا معاشرے میں اپنے مقام کو تقویت دینا ہے اور انسانیت کی خدمت میں سائنسی تحقیق کو فروغ دینے کی جانب مثبت قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قیادت ہمیشہ سے سائنسدانوں اور مختلف شعبوں میں تحقیق کرنے والے افراد کو منفرد اعزاز دینے کی خواہشمند رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی سائنسی تحقیق کے شعبے میں ان کی آمد پر ہمیں فخر ہے۔

شیئر: