Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیف علی خان کی سوانح حیات: 'یہ بھی فلاپ ہوگی'

سیف علی خان کا کہنا ہے کہ ان کی سوانح حیات آئندہ سال شائع ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں سوشل میڈیا پر لوگ بالی وڈ اداکار سیف علی خان کو ٹرول کر رہے ہیں۔ جب سے یہ خبر آئی ہے کہ وہ اپنی سوانح حیات لکھنے جا رہے ہیں لوگ طرح طرح کے کمنٹس کر رہے ہیں۔
کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ 'ابھی سوانح حیات لکھنے کی عمر نہیں ہے' تو کوئی کہہ رہا ہے کہ 'یہ بھی فلاپ ہوگی۔' کوئی یہ کہہ رہا ہے کہ 'اس میں اقربا پروری ہوگی۔' کوئی کہہ رہا ہے یہ بھی ان کی طرح سٹائلش ہوگی۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ وہ طنز و مزاح سے پُر ہوگی، یعنی جتنے منہ اتنی باتیں۔
بالی وڈ فلموں کے معروف تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹویٹ کی ہے کہ 'خبر۔۔۔ سیف علی خان اپنی سوانح حیات لکھنے والے ہیں۔ وہ اپنی فیملی، اپنے گھر، اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں، اپنے تاثرات اور تحریکات اور یقیناً فلموں کے بارے میں لکھیں گے۔ ہارپر کولنز اس سوانح کو شائع کر رہی ہے۔۔۔ یہ 2021 میں شائع ہوگی۔'
اس کے جواب میں آرین نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'انھوں نے کیا ہی کیا ہے کہ کوئی ان کی خودنوشت پڑھے گا۔ وہ ایک اچھے اداکار ہیں لیکن ان کا کیریئر دس سال پہلے ختم ہو گیا ہے۔ ان کی خود نوشت اقربا پروری سے بھری ہوگی کہ انھوں نے کس طرح اپنی بیٹی کی فلم بچائی اور کس طرح ان کے والدین نے انھیں ایوارڈز دلوائے۔'
اس کے جواب میں دیپک شرما نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا: 'بھائی ہو سکتا ہے آپ زندگی اور کامیابی کے بارے میں ان کا نظریہ نہ جانتے ہوں۔ جب آپ جانیں گے تو آپ حیرت زدہ رہ جائيں گے اور آپ کو ان سے سیکھنے کو کچھ ملے گا کیونکہ زندگی اور خوشی کے بارے میں ان کا مجموعی نظریہ بہت مختلف ہے۔'
اب اگر سیف علی خان کے کیریئر اور زندگی پر نظر ڈالی جائے تو ان سے زیادہ نشیب و فراز کسی دوسرے اداکار کی زندگی میں نظر نہیں آتا۔
والدین کی سرپرستی، تعلیم و تربیت، گھر کا ماحول اور اس کے علاوہ اپنی افتاد طبع یہ سب چیزیں انھیں دوسرے اداکاروں سے ممتاز کرتی ہیں۔
بہت سے لوگوں نے لکھا ہے کہ انھیں سیف کی سوانح حیات کا انتظار رہے گا۔
سیف علی خان 16 اگست 1970 کو پیدا ہوئے یعنی اب وہ پورے 50 سال کے ہو گئے ہیں۔ انھوں نے یش چوپڑا کی فلم پرمپرا سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بہت سی یادگار فلمیں کیں جن میں 'دل چاہتا ہے'، 'یہ دل لگی،' 'ہم تم'، 'سلام نمستے'، 'پرینیتا'، 'لو آج کل'، 'اوم کارا' اور 'قربان' وغیرہ شامل ہیں۔
انھیں نیشنل ایوارڈ کے ساتھ، فلم فیئر ایوارڈز اور انڈیا کا شہری ایوارڈ پدم بھوشن بھی مل چکا ہے۔ انھوں نے پہلے امریتا سنگھ سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔ اس کے بعد انھوں نے کرینہ کپور سے شادی کی جن سے ان کی ایک اولاد تیمور علی خان ہیں جبکہ یہ خبر بھی گردش کر رہی ہے کہ کرینہ کپور دوبارہ ماں بننے والی ہیں۔

شیئر: