Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے کی تجدید کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہے؟ 

ویزے کی توسیع کے لیے کارآمد میڈیکل انشورنس ضروری ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ 
 ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی حکام کی جانب سے اس بارے میں احکامات جاری ہوں گے مطلع کر دیا جائے گا۔ 
قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل کے حوالے سے مزید سوالات بھیجے ہیں۔
احمد عبداللہ  کا سوال ہے میرے بچے خروج وعودہ پر پاکستان گئے ہوئے ہیں مگر موجودہ کورونا کے حالات کی وجہ سے تاحال واپس نہیں آسکے۔ آئندہ ماہ میرا اقامہ تجدید ہونا ہے کیا بچے جو باہر ہیں ان کا اقامہ بھی میرے ساتھ ہی تجدید ہو جائے گا؟ 
جواب ۔ اس بارے میں ’جوازات ‘ کا کہنا ہے کہ ’ فیملی کے سربراہ اگر مملکت میں موجود ہیں اور ان کے اہل خانہ بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اس صورت میں بچوں کا اقامہ جو کہ والد کے اقامے سے مربوط ہے اس وقت تجدید ہوجائے گا جب والد کا اقامہ تجدید ہوگا۔ 
جوازات کی جانب سے تارکین کے اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کے لیے سہولت فراہم کی گئی ہے کہ بچوں کا اقامہ از خود تجدید ہو جائے گا۔ قبل ازیں یہ لازمی ہوتا تھا کہ ’مرافقین‘ بھی اقامے کی تجدید کے وقت مملکت میں موجود ہوں۔ واضح رہے کہ یہ قانون صرف مرافقین یعنی اہل خانہ کے لیے ہے کیونکہ ان کے اقامے لیبر آفس سے مربوط نہیں ہوتے۔ 
عبدالاحد کا سوال وزٹ ویزے کے بارے میں ہیں وہ پوچھتے ہیں  میری اہلیہ وزٹ ویزے پر آئی تھیں موجودہ حالات کی وجہ سے سفر نہیں کرسکیں کیا اس کی مدت بڑھائی جاسکتی ہے؟ 
جواب ۔ محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کی جانب سے اس سوال کے جواب میں کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو وزٹ وزیرے پر مملکت آئے ہیں ان کی ویزوں کی مدت میں توسیع ’ابشر‘ اکاونٹ کے ذریعے ممکن ہے تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ کارآمد میڈیکل انشورنس موجود ہو۔ 

خروج وعودہ ویزا مقررہ دنوں کے لیے چھٹی پر جانے کے لیے ہے((فوٹو سوشل میڈیا)

واضح رہے میڈیکل انشورنس کرانے کےلیے کسی ایسی کمپنی کا انتخاب نہ کیا جائے جو محکہ پاسپورٹ سے مربوط نہ ہو کیونکہ جب تک جوازات کے سسٹم میں میڈیکل انشورنس کا سرٹیفیکٹ اپ ڈیٹ نہیں ہوگا ویزے میں توسیع نہیں کی جائے گی اس لیے مستند اور منظور شدہ کمپنی کا ہی انتخاب کیاجائے۔ 
عامر خان کا سوال ہے جو سعودی عرب سے چھٹی ’خروج وعودہ‘ پر آئے اور واپس نہ جانے کی صورت میں کتنے سال کی پابندی ہے؟ 
جواب ۔ یاد رکھیں کہ خروج وعودہ ویزے کا مقصد آپ مقررہ دنوں کے لیے چھٹی پر گئے ہیں اور قانونی طور پر اس دوران آپ کو واپس آنا ہے اگرمقررہ مدت میں واپس نہیں آتے تو سزا کے طور پر آئندہ تین برس کے لیے مملکت نہیں آسکتے۔  
ایسے افراد جو خروج عودہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں مقررہ مدت یعنی تین برس کے دوران اگر وہ واپس آنا چاہیں تو ان کے لیے ایک ہی صورت ہے وہ اپنے سابق کفیل ہی کے ویزے پر سعودی عرب آسکتے ہیں بصورت دیگر تین برس انتظار کریں جب مقررہ مدت ختم ہو تو سسٹم از خود اس پابندی کو ختم کردیتا ہے ۔
یہاں یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ خود کارسسٹم کے تحت تین برس عربی یعنی ہجری کیلنڈر کے حساب سے ہوتے ہیں اس میں ایک دن ، ایک دن کا حساب رکھا جاتا ہے بعض افراد اندازے سے حساب لگاتے ہیں جو غلط ہونے پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شیئر: