’احتیاطی تدابیر کی تیاری کے بعد عنقریب عمرہ کا آغاز ہو گا‘
سعودی سفیر کے مطابق محمد بن سلمان خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھتے ہیں۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران ملاقات پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی اخوت و تعاون کے مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام خادم حرمین شریفین کی جلد صحت مندی کے لیے دعا گو ہے ۔’پاکستانی عوام کے دل حرمین شریفین کی محبت میں دھڑکتے ہیں۔‘
پیر نور الحق قادری نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران محفوظ حج کروانے پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔
اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان خود کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھتے ہیں۔‘
سعودی سفیر نے کہا کہ عمرہ زائرین کے لیے ضابطہ اخلاق اور احتیاطی تدابیر کی تیاری کے بعد عنقریب عمرہ کا آغاز ہو گا۔
خیال رہے منگل کو سعودی سفیر نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی تھی۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو بتایا گیا تھا کہ منگل کو ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے سعودی سفیر کو گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔