حوثی عالمی سمندری تجارت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ نیول فورسز نے ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے الحدیدہ کی بندرگاہ سے لانچ کی گئی ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز کشتی تباہ کردی ہے۔
ریموٹ کنٹرول کشتی دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی تھی جسے حوثی باغی الحدیدہ کی بندرگاہ سے کنٹرول کررہے تھے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اتحادی فوج کے ترجمان کرنل المالکی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول کشتی بھیجنے کا مقصد بین الاقوامی سمندری راستوں کو غیر محفوظ کرنا اور عالمی تجارت کو نقصان پہنچانا ہے۔
کرنل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغی الحدیدہ کمشنری کو اپنا اڈا بنائے ہوئے ہیں جہاں سے بیلسٹک میزائلوں، ریموٹ کنٹرول طیاروں اور کشتیوں کو لانچ کرتے ہیں جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
حوثیوں کی اس طرح کی کارروائیاں درحقیقت جنگ بندی کی شقوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے جسے کسی طرح بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
کرنل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ اتحادی افواج حوثیوں کی کارروائیوں کا مناسب جواب دینے میں حق بجانب ہے جن کے ذریعے عالمی امن متاثر ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب پر متعدد حملے کیے گئے جن میں تازہ ترین ڈرون حملہ اتوار 30 اگست کو کیا گیا تھا جس میں سعودی عرب کے شہر ابہا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنا دیا تھا تاہم فضا میں تباہ کیے جانے والے ڈرون کے چند ٹکرے ابھا ایئرپورٹ پر بھی گرے تھے مگر ان سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں 28 اگست کو حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے دو ڈرون حملوں کو اتحادی فوج کی ایئر کمان نے ناکام بنا دیا تھا۔