پاکستان کی وفاقی کابینہ نے آج منگل کو ہونے والے اجلاس میں بھنگ کے طبی اور صنعتی استعمال اور اس کی کاشت اور خریدو فروخت کو قانونی حیثیت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ملک میں بھنگ کی کاشت، محدود پیمانے پر خرید و فروخت اور ادویہ ساز کمپنیوں کو کوٹے کی بنیاد پر فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ان کی وزارت اور اس کے ذیلی ادارے پی سی ایس آئی آر کو بھنگ کے صنعتی اور طبی استعمال کا پہلا لائسنس جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
بھنگ کی کاشت پر بزنس مین گرفتارNode ID: 443066
-
پاکستان میں چرس کی فیکٹری لگے گی؟Node ID: 456841
انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے اور اس سے پاکستان کو اربوں روپے کا منافع حاصل ہوگا۔
بھنگ کیا ہے؟
بھنگ سبز پتوں کا ایک خود رو پودا ہے لیکن کئی علاقوں اور ممالک میں اس کی باضابطہ کاشت بھی کی جاتی ہے۔ یہ بارانی پودا ہے اور سخت سردی اور برف والے علاقوں میں بھی اُگ جاتا ہے۔
بھنگ کے سبز پتے چرس جبکہ خشک پتے حشیش بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔ پاکستان میں پنجاب اور سندھ میں بھنگ کو بطور نشہ آور مشروب بھی استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے بنانے کا طریقہ کار دیسی سردائی کی طرح ہے۔
بعض علاقوں میں تو اسے بھنگ کی سردائی ہی کہا جاتا ہے۔ بھنگ کے طبی فوائد کے حوالے سے تحقیق طویل عرصے سے جاری ہے اور درد کش ادویات میں اس کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کیا کہتے ہیں؟
فارمسسٹ مقامی سطح پر بھنگ کے طبی استعمال کو درست قرار دیتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ نشہ آور ادویات کے پہلے سے موجود قانون کے تحت اس کی خرید و فروخت اور ادویات کے استعمال میں طریقہ کار اور مقدار کے پیمانے طے کرنا ہوں گے تاکہ اس کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ عالمی ادویات کی برآمد کی صورت میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فارماسسٹ عمر سلمان نے کہا کہ بھنگ کی طبی افادیت تحقیق سے ثابت ہو چکی ہے لیکن اس کو محدود انداز اور احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
’یہ کنٹرول اور نارکوٹکس میڈیسن کے زمرے میں آتی ہے جس کے حوالے سے قانون پہلے سے موجود تاہم ہر معاشرے میں کچھ نہ کچھ خامیاں ضرور ہوتی ہیں۔ پاکستان میں نشہ آور ادویات کا منفی استعمال ہوتا ہے اس لیے بھنگ کو پہلے سے موجود قانون میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔‘
Cabinet has approved first License for @MinistryofST and PCSIR for industrial and medical use of Hemp, landmark decision ll place Pakistan in billions of USD CBD market.....
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 1, 2020