اسرائیلی کاروباری وفود کا امارات کا دورہ
بینک ہاپولیم کا وفد 8 ستمبر سے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گا (فوٹو: عرب نیوز)
اسرائیل کے دو سب سے بڑے بینکوں کے سربراہ رواں ماہ وفود کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے.
امارات اور اسرائیل کے درمیاں تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا دورہ ہے۔
بینک ہاپولیم کی سربراہی میں ایک وفد 8 ستمبر کو روانہ ہوگا اور متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی اور دبئی کا دورہ کرے گا۔
دورے کے دوران یہ وفد حکومتی اور تجارتی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ امارات کے سب سے بڑے بینکوں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کرے گا۔
ہاپوالیم بینک کے سی ای او ڈوو کوٹلر کا کہنا تھا کہ ’یہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات اور تعاون کے قیام کا ایک بہترین موقع ہے جس سے دونوں ممالک معاشی طور پر ترقی کریں گے۔‘
ان کے مطابق ’یہ دو طرفہ خواہش ہے کہ مضبوط معاشی روابط قائم کیے جائیں۔‘
ایک اور اسرائیلی بینک لومی کے چیئرمین اور سی ای او 14 ستمبر کو دوسرے وفد کی سربراہی کرتے ہوئے امارات کا دورہ کریں گے۔
گذشتہ ہفتے دونوں ممالک نے باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مالی خدمات پر تعاون کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل اگست میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا یا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر آجائیں گے۔
اس معاہدے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا جس کے مطابق اسرائیل مقبوضہ غربِ اردن کے کچھ علاقوں کا اپنے ساتھ الحاق معطل کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کے ابو ظبی بینک نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ اسرائیلی بینکوں ہاپوالیم اور لیوومی کے ساتھ تعاون کے لیے بات چیت کا آغاز کرے گا۔