Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور اسرائیل کے درمیان مواصلاتی رابطے بحال

امارات میں بند اسرائیلی نیوز ویب سائٹس بھی اب کھولی جا سکتی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ٹیلی فون لائنز کھول دی گئی ہیں جس کے بعد عرب امارت سے باآسانی اسرائیل میں کسی بھی نمبر پر فون کیا جا سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے وزرائے خارجہ شیخ عبدالله بن زايد اور اسرائیلی وزیر خارجہ غابی اشکنزئی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے سے دونوں ممالک کے درمیان فون لائنز کھولنے کا افتتاح کیا گیا ہے۔
اس سے قبل دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے ٹیلی فونک رابطہ ممکن نہیں تھا۔
اسرائیلی وزیر مواصلات نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے اس پیش رفت کو اہم قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر معمول پر آ جائیں گے۔
اسرائیلی وزیر مواصلات نے ٹوئٹر پر متحدہ عرب امارات کو ٹیلی فون لائنیں کھولنے پر مبارکباد دی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے متعدد معاشی مواقع پیدا ہوں گے، اور اس قسم کے اعتماد بحال کرنے والے اقدامات دونوں ممالک کے مفادات کے فروغ کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ مواصلاتی رابطے کھلنے کے بعد متعدد معاشی مواقع پیدا ہوں گے، اور اعتماد بحالی کے اقدامات سے دونوں ممالک کے مفادات کا فروغ ممکن ہوگا۔

 

 دونوں ممالک کے اعلان کے بعد عرب امارات سے اسرائیل فون کالز ملائی جا سکتی ہیں اور اسرائیلی نیوز ویب سائٹس جو پہلے امارات میں بند تھیں اب کھولی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی کمپنیوں نے کورونا وائرس پر مشترکہ تحقیق کی غرض سے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اماراتی سرکاری نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اماراتی ایپکس نیشنل انوسٹمنٹ اور اسرائیلی ٹیرا گروپ کے مابین سنیچر کو معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔
رواں ہفتے اسرائیل اور عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے بعد کورونا وائرس پر مشترکہ تحقیق کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
ایپکس چیئرمین خلیفہ یوسف خوری نے کہا کہ ٹیرا گروپ کے ساتھ معاہدہ اماراتی اور اسرائیلی کاروباری شعبوں کے درمیان تجارتی، معاشی اور مؤثر شراکت داری کے آغاز کے لیے کیا جانے والا پہلا معاہدہ ہے۔

دونوں کمپنیوں نے کورونا کی تشخیص کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا (فوٹو اے ایف پی)

یوسف خوری نے اس معاہدے کو انسانیت کی خدمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کورونا وائرس پر جاری تحقیق کو تقویت کو ملے گی۔
دونوں کمپنیوں نے کورونا وائرس کی تشخیص کے عمل کو تیز کرتے ہوئے کورونا کا ٹیسٹ رزلٹ جلد سامنے آنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔
ٹیرا گروپ کے چیئرمین اورن سادیو نے معاہدے کے مقاصد مکمل طور پر حاصل کرنے کی امید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے معاشی فوائد سے سب کو فائدہ پہنچے گا۔

شیئر: