Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: یکم جنوری سے سفری پابندیوں کا مکمل خاتمہ

کووڈ 19 وبا کی دوسری لہر اور کورونا ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے سال رواں کے آخر تک سفری پابندیاں برقرار رہیں گی- (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے عائد سفری پابندیاں یکم جنوری سے اٹھانے کا اعلان کیا ہےتاہم منگل 15 ستمبر سے مخصوص حالات کے حامل افراد کے لیے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی جزوی طور پراٹھائی جا رہی ہے۔ 
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ‘یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی‘۔

 

 عرب نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے عائد تمام بین الاقوامی سفری پابندیاں یکم جنوری سے ختم ہو جائیں گی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی شہریوں کو مملکت سے باہر جانے اور واپس آنے کی اجازت ہوگی‘۔
’خروج وعودہ ( ایگزٹ ری انٹری)، ملازمت، اقامے، وزٹ ویزا ہولڈرزغیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی‘۔
کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر حفاظتی ضوابط لاگو کیے جائیں گے۔ 
 وزارت داخلہ نے بیان میں مزید کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے اور متعدد ملکوں میں کووڈ 19 وبا کی دوسری لہر اور کورونا ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے سال رواں  2020 کے آخر تک سفری پابندیاں برقرار رہیں گی-
یہ فیصلہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا جارہا ہے۔ مقصد یہ بھی ہے کہ بیرون مملکت جانے پر مقامی شہری مناسب علاج کی سہولت میں مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔ 

بیان کے مطابق  کووڈ 19 وبا کی دوسری لہر اور کورونا ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے سال رواں  2020 کے آخر تک سفری پابندیاں برقرار رہیں گی- (فوٹو: عرب نیوز)

وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی اٹھانے کی صورت میں طبی عملہ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر منتقل کرنا ہوگا۔ آئندہ مہینوں کے دوران کورونا کے ممکنہ خطرات، ویکسین منظر عام پر آنے کے امکانات اور صحت خطرات ٹل جانے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوان شاہی نے  فیصلوں کی منظوری دی ہے۔ 
وزارت نے توجہ دلائی کہ جن ممالک کے لیے سفر یا وہاں سے آمد پر پابندی ہے وہاپنی جگہ پر جوں کی توں برقرار رہے گی۔ پابندیاں اٹھانے کے نئے فیصلے کا تعلق صرف نئے کورونا وائرس سے ہے۔ 
مندرجہ بالا سہولتیں ان ممالک پر لاگو نہیں ہوں گی جن کی بابت متعلقہ کمیٹی کورونا وائرس کے حوالے سے آنے جانے کی بابت حفاظتی پابندیاں مقرر کیے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یکم  جنوری 2021 سے 30 روز پہلے سفری پابندیاں اٹھانے اور سفر کی اجازت دینے  سے متعلق حتمی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔ اگر ضرورت پڑی تو اس وقت وزارت صحت سفر کرنے والوں کے لیے  حفاظتی تدابیر مقرر کرے گی۔
 

شیئر: