’نور فلیکس‘: ملائیشیا کی پہلی ’حلال‘ ٹی وی سٹریمنگ سروس
’نور فلیکس‘: ملائیشیا کی پہلی ’حلال‘ ٹی وی سٹریمنگ سروس
منگل 22 ستمبر 2020 8:36
اور جولائی سے ’نور فلیکس‘ کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے (فوٹو: نور فلیکس)
نیٹ فلیکس کو جلد ہی ملائیشیا میں بننے والے انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم ’نور فلیکس‘ سے مقابلہ کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ اسے بنانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ ‘اسلامی روایات کے مطابق مسلمانوں کے لیے ایک ’حلال ٹی وی‘ کی ضروریات پوری کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ’نور فلیکس‘ ملائیشیا کی پہلی شریعت کے مطابق سٹریمنگ سروس ہے اور جولائی سے اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
نور فلیکس سید ریزل محمد کی ایجاد ہے جو جنوری میں اس کی لانچنگ سے پہلے اوریجنل مواد بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اسے شروع کرنے کے لیے 9.7 ملین ڈالر خرچ کیے ہیں لیکن کمپنی تعلیم، روحانیت، موٹیویشنل اور مین سٹریم کیٹیگریز پر مشتمل مواد کے ایک ہزار آئٹم تیار کرے گی، اور پہلے پانچ برس میں 12 ہزار قسطیں بنائی جائیں گی۔‘
ان کا ’نور فلیکس‘ کے لیے مقامی اور انٹرنیشنل پروڈیوسرز سے بھی مواد حاصل کرنے کا منصوبہ ہے بشرطیکہ وہ اسے چینل کی ہدایات کے مطابق پروڈیوس کریں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں جانے سے پہلے ان کی توجہ ملائشیا، برونائی اور سنگاپور کی مارکیٹ پر ہے۔
تعلقات عامہ کے ایک ایگزیکیٹو پیوتیری این بالقیس نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’اسلامی سٹریمنگ سروس اسلامی انٹرٹینمنٹ کی ضروریات کو پوری کرتی ہے کیونکہ اس کی مارکیٹ موجود ہے۔‘
میڈیا کنسلٹنٹ عامر ہادی اعظمی کا کہنا ہے کہ ’امریکہ میں ’پیور فلیکس‘ نام کی ایک سٹریمنگ سروس ہے جو قدامت پسند عیسائیوں کے لیے ہے۔‘
کمان پکچرز کے مینجنگ ڈائریکٹر عامر محمد نے کہا کہ ’میں ابھی تک اس چینل کی گائیڈ لائنز نہیں دیکھیں لیکن اگر وہ حلال ہارر اور تھرلر چاہتے ہیں تو ہم انہیں یہ مہیا کر سکتے ہیں۔‘
نور فلیکس کے سی ای او کا کہنا ہے کہ ایک کانٹینٹ ایڈوائزری کونسل بنائی جائے گی جس کی سربراہی اور نگرانی حبیب علی زین العابدین ال حامد اور استاد راجہ احمد مخلص کریں گے۔
اگرچہ نور فلیکس کی اسلامک افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی ساتھ کوئی شراکت داری نہیں ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ نور فلیکس کے آئیڈیاز اسلامک افیئرز کے وزیر ڈاکٹر زلکیفلی محمد کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔