کتے کے کاٹنے سے 12 دن کا بچہ ہلاک، دو افراد گرفتار
بچہ ہسپتال پہنچنے کے کچھ دیر بعد دم توڑ گیا (فوٹو: الامے)
انگلینڈ میں ایک 12 دن کے نومولود بچے کی کتے کے کاٹنے سے ہلاکت کے بعد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کی کاؤنٹی یارکشائر میں پولیس کا کہنا تھا کہ کتے کے کاٹنے سے بچہ بری طرح زخمی ہوا اور اتوار کو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
بعد ازاں پولیس نے ایک 35 سالہ آدمی اور 27 سالہ خاتوں کو غفلت کی وجہ سے ہونے والے قتل کے شک پر گرفتار کیا۔
دونوں گرفتار افراد کو ضمانت دے دی گئی تاہم اس معاملے میں تحقیقات جاری ہیں۔
ایک بیان کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ انہیں اتوار کو دوپہر 3:30 پر اطلاع دی گئی کہ ایک کتے نے ایک بچے کو کاٹ لیا ہے، جس کے بعد انہیں ڈونکیسٹر میں ایک پتے پر بلایا گیا۔
پولیس کے مطابق، ایڈریس پر پہنچنے کے بعد ایمرجنسی سروسز نے دریافت کیا کہ 12 دن کے بچے کو کتے نے کاٹ لیا ہے اور وہ بُری طرح زخمی ہوا ہے۔
بچے کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ وہاں تھوڑی ہی دیر بعد دم توڑ گیا۔
پولیس نے دونوں افراد کی گرفتاری اور اس کے بعد ہونے والی ضمانت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ کتے کو اس جگہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔