مکان سے لڑکی کی نعش برآمد، دو ملزم گرفتار
گرفتار ملزمان میں سے ایک مکان کا مالک ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں حائل کے پرانے طرز کے مکان سے لڑکی کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے 2 سعودیوں کو گرفتار کرلیا۔
حائل پولیس کے ترجمان طارق النصار نے بتایا کہ پرانے طرز کے ایک مکان سے ایک لڑکی کی لاش برآمد ہونے پر جن دو سعودی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے ایک مبینہ مکان کا مالک ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ لڑکی کے قتل میں سعودی شہری ملوث ہیں جو عمر کے تیسرے عشرے میں ہیں۔
گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب پولیس کو یہ رپورٹ ملی کہ ایک لڑکی پرانے طرز کے مکان میں بے ہوش پڑی ہوئی ہے اور اس کے جسم سے خون بہہ رہا ہے۔ زخموں کے نشانات بھی نظر آرہے ہیں۔ لڑکی عمر کے دوسرے عشرے میں تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم ٹیم اور ماہرین جائے وقوعہ پہنچ گئے۔ طبی معائنے سے پتہ چلا کہ لڑکی دم توڑ چکی ہے۔ یہ بھی پتہ چل گیا کہ موت میں مجرمانہ عمل کا دخل ہے۔
پولیس نے دو شہریوں کو جن میں سے ایک اس مکان کا مالک تھا گرفتار کر کرکے پوچھ گچھ کی۔ دونوں کو واردات کا ذمہ دار پائے جانے پر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔