سیکیورٹی اہلکاروں کے بھیس میں غیر ملکیوں کو لوٹنے والے گرفتار
پولیس کے مطابق واردات کرنے والے پانچوں افراد سعودی شہری ہیں- فوٹو: عاجل
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے غیرملکی ورکرز کی رہائش پر ڈاکہ مارنے اور لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ عمر کے تیسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کے پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ پانچوں ملزمان سعودی شہری ہیں۔ انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کی وردی پہن کر وارداتیں کررہے تھے۔ اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے بینکوں کے متعدد کھاتے داروں کو بھی لوٹا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مقامی شہری بعض ای ایپلی کیشن کے ذریعے متعدد لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا کر ان سے رقم چھین لیتے تھے۔ تیز دھار آلات اور پستول کے بل پر بھی متعدد لوگوں سے رقم اور قیمتی اشیا چھینیں۔ ملزمان کے قبضے سے 18600 ریال برآمد ہوئے ہیں جبکہ پستول اور تیز دھار آلہ بھی ضبط کر لیا گیا۔ ملزمان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں