پارک میں دو خاندان لڑ پڑے، خواتین سمیت 13 گرفتار
جھگڑے میں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف تیز دھار آلے استعمال کیے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں قصیم ریجن کی عنیزہ کمشنری کے عوامی پارک میں سیر کے لیے آنے والے دو خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف تیز دھار آلے استعمال کیے۔
پارک میں جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ پولیس نے جھگڑے میں ملوث 13 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں پانچ خواتین شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قصیم پولیس کے ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ جھگڑے میں ملوث دونوں خاندانوں کا تعلق یمن سے ہے۔
مردوں کے ساتھ خواتین نے بھی جھگڑے کے دوران مارپیٹ میں حصہ لیا اور تیز دھار آلے استعمال کیے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جھگڑا کرنے والوں کو گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے
اخبار 24 کے مطابق جھگڑے سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار فریقین کو الگ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی خواتین ایک گاڑی پر بھی حملہ کر رہی ہیں۔