Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیز کمیشن ساؤتھ پنجاب کا قیام

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ او پی سی ڈیسک کھلنے سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن ساؤتھ پنجاب کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کے ایک اعلامیے کے مطابق عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس منعقدہوا جس میں کمیشن کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو بہت ریلیف ملے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پنجاب میں قائم تمام خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھولے جائیں گے-
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’مختلف اضلاع میں قائم خدمت مراکز میں او پی سی ڈیسک کھلنے سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔‘
اس کے علاوہ اجلاس میں او پی سی ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ ایکٹ میں ترامیم کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی- 
وزیر اعلیٰ نے ایڈوائزری کونسلوں کو قواعد و ضوابط کے تحت جلد تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوائزری کونسلوں میں اچھی شہرت کی حامل شخصیات کو شامل کیا جائے اور قواعدوضوابط کے مطابق ڈسٹرکٹ کمیٹیوں میں ممبران کی تقرری کی جائے۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کمیشن اب تک 12532 شکایات کا ازالہ کر چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعلیٰ نے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ملازمین کو الاؤنس دینے کا معاملہ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوانے اورکمیشن میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا کیس ازسر نو پیش کرنے کی ہدایت کی- 
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے زیر التوا کیسز جلد نمٹائے جائیں- انہوں نے کہاکہ ’بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں- ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے- حکومت پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور املاک کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی-‘

زیادہ تر پاکستانی مزدوروں کی تعداد عرب ممالک میں ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کمیشن اب تک 12532 شکایات کا ازالہ کر چکا ہے جبکہ زیر التواء شکایات پر ضروری کارروائی کی جا رہی ہے اوراربوں روپے کی پراپرٹی واگزار کرائی گئی ہے۔ 
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پنجاب، وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن وسیم اختر، ارکان پنجاب اسمبلی عمر تنویربٹ، خیال احمد کاسترو، شاہینہ کریم، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،کمیشن کے دیگر ممبران اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-

شیئر: