سعودی عرب: ایران سے تربیت یافتہ دہشت گرد گروہ گرفتار
سعودی عرب: ایران سے تربیت یافتہ دہشت گرد گروہ گرفتار
پیر 28 ستمبر 2020 22:42
سعودی عرب میں سیکیورٹی اداروں نے ایران سے تربیت یافتہ دہشتگرد گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی کے ترجمان نے بتایا کہ’ دہشتگرد گروہ نےایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر عسکری اور فیلڈ ٹریننگ حاصل کی تھی‘۔
’دہشتگرد گروہ میں شامل افراد نے دھماکہ خیز اشیا تیار کرنے کی تربیت لی تھی۔ سیکیورٹی فورس کے سراغرسانوں نے پچھلے ہفتے گروہ کی شناخت کرکے ان کے دو ٹھکانوں کا پتہ لگالیا تھا جہاں یہ اسلحہ و گولہ بارودی بڑی مقدار میں جمع کررہے تھے‘۔
ترجمان نے بتایا کہ ’سیکیورٹی آپریشن کے نتیجے میں دہشتگرد گروہ کے دس افراد گرفتار کرلیے گئے ان میں سے تین نے ایران میں تربیت لی تھی جبکہ باقی سات گروہ کے ساتھ منسلک رہ کر مختلف کام انجام دے رہے تھے۔ تحقیقات کے تقاضے کے تحت ابھی گرفتار شدگان کے نام اور تفصیلات بیان کرنا ٹھیک نہیں ہوگا‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دہشتگردوں کے دونوں ٹھکانوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ضبط کرلیا گیا۔ ایک ٹھکانہ مکان میں جبکہ دوسرا زرعی فارم میں بنایا گیا تھا‘۔
’دونوں ٹھکانوں سے دھماکہ خیز اشیا، گولہ بارود، کیمیکل مواد، الیکٹرانک سگنلز بھیجنے اور وصول کرنے والے آلات، سراغرسانی کے جدید ترین چار آلات، کلاشنکوفیں، بندوقیں، کارتوس، لاسلکی آلات، لیپ ٹاپ، مختلف موسموں اور حالات میں دیکھنےوالے آلات ملے ہیں‘۔
ترجمان نے بتایا کہ’ متعلقہ ادارے گرفتار شدگان کے ساتھ پوچھ گچھ کرکے ان کی سرگرمیوں اور ان سے متعلق افراد کے بارے میں مزیتد معلومات حاصل کررہے ہیں‘۔
ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی نے خبردار کیا کہ اس قسم کی مجرمانہ سازشوں سے نمٹنے کے سلسلے میں پرعزم ہیں جو شخص بھی ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے، امن وسلامتی کو نقصان پہنچانے اور سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو خطرات پیدا کرنے کی کوشش کرے گا اس سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔