شیعہ عالم دین نے کہا کہ’مطلوب نوجوان خود کو قانون کے حوالے کردیں، فوٹو: سبق
القطیف کمشنری کے ماتحت الجش کی العمارہ جامع مسجد کے امام و خطیب شیعہ عالم دین منصور السلمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز کو مطلوب نوجوان خون ریزی سے بچنے اور اپنی ماؤں کو دکھ سے بچانے کے لیے خود کو قانون کے حوالے کردیں۔ نجات اور خون ریزی سے بچاؤ کا بہترین طریقہ یہی ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شیعہ عالم دین شیخ السلمان نے قطیف میں انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد بن حسین علی آل عمار کی گرفتاری کے بعد بیان جاری کر کے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز ہی عدالت سے مفرور افراد کے تعاقب پر قادر ہے اور وہی فرزندان وطن کو امن و امان فراہم کرنے والا ادارہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جب تک وطن عزیز کے چپے چپے پر امن و امان کا قائم نہیں ہو گا، تب تک سکیورٹی فورسز کے اہلکار عدالت سے مفرور دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھیں گے‘۔
واضح رہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے منگل کی صبح قطیف کمشنری میں دہشت گرد محمد بن حسین آل عمار کو گرفتار کیا تھا۔
محمد بن حسین آل عمار 2016 میں سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مطلوب افراد کی نویں فہرست میں شامل تھا۔
محمد حسین آل عمار مطلوبین کی نویں فہرست کا خطرناک ترین دہشت گرد تھا۔ یہ جج الجیرانی کے اغوا سے قبل چوری کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ العمار ہی الشرقیہ پولیس اہلکار پر حملے میں بھی ملوث ہے۔