شبلی فراز نے الزام لگایا کہ نواز شریف نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ذات، خاندان، پیسوں اوراثاثوں کو بچانے کے لیے اداروں پرتنقید کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے قوم اور حکومت کے دو سوال ہیں کہ آپ نے جائیدادیں کیسی بنائیں اور پیسہ کیسے باہر لے گئے؟
’مگر نواز شریف نے ان سوالوں کا جواب دینے کے بجائے اداروں پر تنقید شروع کی۔‘
انہوں نے نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ اپنے آپ کو بچانے کی خاطر ملک کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’یہ جو تقریریں ہو رہی ہیں ان سے ملک سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔‘
ان کے مطابق ملک کے خلاف تقریریں کرنے والوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔ وزیر اطلاعات نے نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ ’ٓآپ نے ہر بات کا جواب دیا سوائے اس کے جو آپ سے پوچھا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف نے ملک کی قیمت پر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ ’نواز دور میں کیے گئے معاہدوں کے باعث قوم کو مہنگی بجلی مل رہی ہے۔‘
شبلی فراز نے کہا نواز شریف اور الطاف حسین کے خطاب میں کوئی فرق نہیں رہا۔
نواز شریف کی طرف سے انتخابات میں دھاندلی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن نے انتخابی نتائج کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائی اور قانون کے مطابق انتخابی نتائج کے خلاف الیکشن ٹریبیونلز میں پٹیشن دائر نہیں کیے۔
’مسلم لیگ ن نے پورے پنجاب میں صرف گیارہ انتخابی پٹیشنز دائر کیے۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ ’نواز شریف اب لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہتے رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بہتان لگانے اور تقریریں کرنے سے چھوٹ نہیں ملے گی۔‘ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑے گا۔
ایشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود قیمتوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔ ان کے مطابق حکومتی ادارے بھی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شبلی فراز کے مطابق کورونا کے دوران حکومت نے ملک کو سہارا دیا اور بحرانی کیفیت پر قابو پایا لیکن نواز شریف ملک میں بے چینی پھیلانا چاہتے ہیں۔