Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریپ کیس کی ٹی وی کوریج پر پابندی عائد

پیمرا کے مطابق عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام نجی ٹی وی چینلز کو لاہور ریپ کیس کی کوریج سے روک دیا ہے۔ 
پیمرا کی جانب سے تمام نجی ٹی وی چینلز کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کی ہدایت پر لگائی گئی ہے۔ 
 
پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری مراسلے میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے حکمنامے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’اس واقعے میں ملوث ایک ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے اور اگر اس کیس کی میڈیا کوریج کو نہ روکا گیا تو استغاثہ کی جانب سے اکٹھے کیے گئے شواہد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘
مراسلے کے مطابق اے ٹی سی نے اپنے حکمنامے میں کہا ہے کہ یہ ایک جنسی زیادتی کا کیس ہے جس کی مسلسل میڈیا کوریج متاثرہ خاندان کے لیے بھی رسوائی کا باعث ہے۔ 
اس حکمنامے کی روشنی میں چیئرمین پیمرا نے تمام نجی ٹی وی چینلز کو کسی قسم کی کوریج سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی احکمات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور رنگ روڈ پر خاتون کے ساتھ دو افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کی تھی جس کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ 
اس کیس کے ایک ملزم کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم عابد ملہی تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا ہے۔ 
پولیس نے ملزم عابد ملہی کی بیوی کو بھی حراست میں لے رکھا ہے اور اسی کی نشان دہی پر کئی جگہوں پر چھاپے بھی مارے گئے لیکن ملزم تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔
پولیس کی متعدد ٹیمیں ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے متحرک ہیں۔

شیئر: