انڈیا کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 842 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین 64 لاکھ سے زائد ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق انڈیا میں وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے گزشتہ ماہ ستمبر بدترین رہا جب روزانہ کیسز کی تعداد 70 ہزار سے بڑھ گئی۔
انڈیا کے محکمہ صحت کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست مہاراشٹر ہے جہاں 36 ہزار شہری کورونا سے متاثر ہونے کے بعد موت کے منہ میں گئے۔
ریاست میں اب تک 13 لاکھ مریض سامنے آئے ہیں جبکہ وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
روئٹرز کے مطابق طبی ماہرین کا خیال ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں اور آئندہ ماہ دیوالی کے تہوار کی وجہ سے انڈیا میں کورونا کے کیسز مزید بڑھ سکتے ہیں۔
انڈیا میں لاک ڈاؤن کے دوران لاکھوں افراد گھروں سے دور مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ فوٹوـ اے ایف پی
مشی گن یونیورسٹی میں متعددی امراض کی ماہر پروفیسر بھرامر مکھرجی نے روئٹرز کو بتایا کہ نئے کیسز کے اعداد وشمار میں کچھ کمی بھی دیکھی گئی مگر یہ مقامی طور پر ایک نئی لہر بھی ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ارب 30 کروڑ آبادی کے ملک میں اب تک صرف سات فیصد افراد عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں اس لیے ’ہرڈ امیونیٹی‘ سے ابھی بہت دور ہیں۔
پروفیسر مکھرجی نے کہا کہ ’یہ آہستہ سلگنے والے کوئلے کی طرح کی صورتحال ہے اور ہم نے اس کو قابو میں رکھنا ہے اور امید کرنی ہے کہ یہ جنگل کی آگ کی طرح نہ پھیلے۔‘