Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مولانا اپوزیشن اتحاد کے سربراہ منتخب

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان متفقہ طور پر اپوزیشن کے نئے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ منتخب ہو گئے ہیں۔ اس عہدے کے لیے مولانا فضل الرحمان کا نام مسلم لیگ ن نے تجویز کیا تھا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ کے انتخاب کے لیے ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دبئی سے شرکت کی۔

 

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اتفاق رائے سے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا صدر منتخب کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کا نام تجویز کیا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تائید کی۔
احسن اقبال کے مطابق روٹیشن کی بنیاد پر صدر کے عہدہ کی مدت کا تعین، دیگر مرکزی اور صوبائی عہدے داروں کا انتخاب پی ڈی ایم سٹیئرنگ کمیٹی کرے گی۔
’پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس پانچ اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں احتجاجی تحریک کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔‘
احسن اقبال نے بتایا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جلسے کریں گی-
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں متفقہ طور پر دو قراردادیں بھی منظور پر منظور کی گئیں۔ 
ایک قرارداد میں کہا گیا کہ تین مرتبہ عوام کے منتخب، جوہری دھماکہ کرنے والے وزیراعظم پر ملک دشمنی کا الزام قابل مذمت ہے۔ 

پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی احتجاجی پروگرام کو حتمی شکل دے گی (فوٹو: اے ایف پی)

قرارداد کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری گلگت بلتستان کے انتخابات چرانے کی سازش ہے۔
اتحاد میں شامل ہر جماعت کا ایک ایک نمائندہ اس کا نائب صدر ہو گا جبکہ دیگر عہدے داران کا انتخاب احسن اقبال کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ، پروفیسر ساجد میر، امیر حیدر ہوتی اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی ،شیری رحمان اور محسن داوڑ بھی شریک تھے۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

یاد رہے کہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے گذشتہ ماہ ہی حکومت کے خلاف نیا اتحاد تشکیل دیا تھا جسے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا نام دیا گیا ہے۔
اس اتحاد میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام ف، قومی وطن پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتیں شامل ہیں۔
اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے خلاف ایک لائحہ عمل کا بھی اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا پہلا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس سے ان جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں