Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کو وزارت صحت کے مشورے 

عمرہ زائرین کے لیے تمام صحت خدمات فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ عمرہ کے لیے مکہ آنے والے زائرین کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مسجد الحرام کے اطراف صحت اداروں میں تمام سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مکہ ریجن میں محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وائل المطیر نے کہا ہے کہ اجیاد جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور عمرہ زائرین کے لیے تمام صحت خدمات موجود ہیں۔ تمام ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں صحت عملہ پوری طرح مستعد ہے۔ 
مکہ محکمہ صحت کے ترجمان محمد العتیبی نے بتایا کہ وزیر صحت کی ہدایت پر مکہ جانے والی سڑکوں اور حرم کے آس پاس کے علاقے میں معائنہ جاتی ٹیمیں چوکس ہیں- عمرے کے لیے آنے والے زائرین کا معائنہ کیا جارہا ہے-  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے عمرہ زائرین کو چار اہم مشورے دیے ہیں۔
عمرہ زائرین موسمی انفلوائنزا ویکسین سمیت تمام ضروری ویکسین لینے کے بعد مقدس شہر کا رخ کریں۔ 
کوئی بھی عمرہ زائر دوسرے کی نجی اشیا استعمال کرنے سے پرہیز کرے۔
تمام زائرین حفاظتی ماسک کی پابندی کریں اور اپنے دونوں ہاتھ پابندی سے دھوتے رہیں۔ 

عمرہ زائرین سے حفاظتی تدابیر کی پابندی کرائی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

تمام عمرہ زائرین ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔ 
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ایک ہزار سے زیادہ صحت کارکن مطاف جانے والے عمرہ زائرین کے گروپوں کو منظم کررہے ہیں اور حفاظتی تدابیر کی پابندی کرا رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سماجی فاصلے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بھیڑ بھاڑ کی صورت حال پیدا ہونے سے روک رہے ہیں۔ عمرہ زائرین سے طواف اور سعی کے دوران مقررہ لائنوں کے اندر چلنے کا اہتمام کرایا جا رہا ہے۔

شیئر: