Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشہور عالمی شخصیات جو کورونا کا شکار ہوئیں: تصاویر

گزشتہ سال کے آخر میں چین سے پھوٹنے والی کورونا کی وبا نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس دوران تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ اموات واقع ہوئیں۔
چینی شہر ووہان سے پھیلنے والی اس عالمی وبا سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں نے ممالک کے درمیان تنازعات بھی کھڑے کیے، کسی نے اس وبا کی حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تو کسی نے اسے چین کی سازش قرار دیا۔
اس وبا کے متاثرین میں متعدد نامور شخصیات بھی شامل ہیں جن میں سے چند ایسی ہیں جو احتیاطی تدابیر اپنانے سے انکار کرتی رہی ہیں۔ حال ہی میں امریکی صدر اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹرمپ کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ہمیشہ فیس ماسک نہ پہننے کی تلقین کی اور عالمی ادارہ صحت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ 

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اپریل کے مہینے میں کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں ایک ہفتہ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں گزارنا پڑا تھا۔ احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے پر بورس جانس کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

امریکی مشہور گلوکارہ ’پنک‘ بھی کورونا سے متاثر ہوئی تھیں۔

برطانوی شہزادہ چارلس میں کورونا کی معتدل علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو سکاٹ لینڈ میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

ہالی وڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ کو آسٹریلیا میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

اٹلی کے سابق وزیراعظم سِلویو بارلسکونی گزشتہ ماہ ستمبر میں کورونا کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل رہے تھے۔ بارلسکونی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے خطرناک ترین چیلنج کو شکست دی ہے۔

برازیل کے صدر بلسونارو اور ان کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار ہوئی تھیں۔ برازیل کے صدر کو کورونا کی وبا سے نمٹنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

جولائی میں بالی وڈ لیجینڈ امیتابھ بچن سمیت ان کے بیٹے ابھیشیک، بہو ایشوریا رائے اور آٹھ سالہ پوتی کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل رہے تھے۔

مارچ میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تمام اہل خانہ کو 14 دن کے لیے خود کو آئیسولیٹ کرنا پڑا تھا۔

انڈیا کے سابق صدر پرناب مکھرجی کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا جس کے بعد وہ اگست میں انتقال کر گئے تھے۔

شیئر: