مکہ میں 60 ٹن غیر معیاری غذائی اشیا تلف
’ضبط شدہ اشیا میں گوشت، مچھلی، سبزی اور پھل شامل ہیں جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا‘ ( فوٹو: پکسابے)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے نکاسہ محلے میں تفتیشی دورہ کرکے 60 ٹن زائد المیعاد اور غیر معیاری غذائی اشیا ضبط کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ غیر قانونی طور پر ٹھیلے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’گلی محلوں میں سبزیوں کے ریڑھیاں اور ٹھیلے لگانے والوں کی وجہ سے بھیڑ لگ جاتی ہے، نیز ان میں فروخت ہونے والی اشیا غیر معیاری ہوتی ہیں‘۔
’غیر قانونی طور پر اشیا فروخت کرنے والے غیر ملکیوں میں سے بیشتر کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ بعض تفتیشی اہلکاروں کو دیکھ کر اپنا سامان چھوڑ کر بھاگ نکلے ہیں‘۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’ضبط شدہ اشیا میں گوشت، مچھلی، سبزی، پھل اور کھانے پینے کی دیگر اشیا بھی شامل ہیں جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا ہے‘۔
بلدیہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’ٹھیلے لگانے والوں سے غذائی اشیا نہ خریدی جائیں کہ ان کے پاس اشیا کو سٹور کرنے کا مناسب انتظام نہیں ہوتا، یہ اشیا مضر صحت ہوسکتی ہیں جبکہ زیادہ دیر تک باہر رہنے سے خراب بھی ہوسکتی ہیں‘۔