Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’۔۔۔آفریدی عمران خان بننا چاہتا ہے‘

شاہد آفریدی کی سرگرمیوں پر ان کا موازنہ عمران خان سے کیا جاتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
شاہد خان آفریدی، جن کی عوام میں مقبولیت بہت زیادہ ہے وہ اگر کوئی بات کر دیتے ہیں کہ تو ہیڈ لائن بن جاتی ہے، اگر کہیں ان کی تصویر آجائے تو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگتی ہے۔ حال ہی میں انہیں بہترین سپورٹس شخصیت کا ایوارڈ ملا ہے جس پر ان کے پرستار خاصے خوش ہیں۔ اردو نیوز نے شاہد آفریدی سے بات چیت کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے کبھی ٹی وی پر یا کسی دوسرے پلیٹ فارم پر آکر یہ ثابت کرنے کی کوشش نہیں کی کہ وہ فرشتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کے ساتھ جو تصویر وائرل ہوئی وہ ایک میک اپ آرٹسٹ ہیں جو کہ ایک کمرشل کے شوٹ کے لیے ان کا میک اپ کر رہی تھیں۔
’عموماً مرد حضرات میرا میک اپ کرتے ہیں لیکن اس روز خاتون نے کیا۔ تصویر دیکھ کر جس کا جو دل کرتا ہے کہہ سکتا ہے اس کا حق ہے۔‘
آفریدی کا کہنا ہے کہ ’میں 25 برس سے کرکٹ کھیل رہا ہوں میرے چاہنے والے بھی ہیں اور نا پسند کرنے والے بھی، میں ایک مثبت آدمی ہوں جو دل میں ہوتا ہے کھل کر کہہ دیتا ہوں اب یہ دوسرے پہ ہے کہ وہ میری بات کو پازیٹیو لیتا ہے یا نیگیٹیو۔ واضح کرتا چلوں کہ میں پازیٹیو سوچ اور لوگوں کے لیے بات کرتا ہوں۔‘
آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’مجھ سے مذاق میں لڑکیوں کے کرکٹ کھیلنے پر سوال ہوا تو میں نے بھی مذاق میں ہی جواب دیا کہ لڑکیاں کھانا بناتے ہی اچھی لگتی ہیں۔‘
’سب والدین کی مرضی ہے وہ اپنی بیٹیوں کو جو مرضی سپورٹس کھلائیں ان کا ایسی باتوں سے بھلا کیا تعلق؟ مجھے بس یہ پتہ ہونا چاہیے کہ میری بچیوں کی تربیت کیسی ہو رہی ہے اور یہی میرے لیے اہم ہے۔‘

شاہد آفریدی کے مطابق انہیں کوئی عہدہ ملنے کا امکان نہیں ہے۔  فوٹو: روئٹرز

سوشل میڈیا کے حوالے سے شاہد آفریدی کہنا تھا کہ وہ اس کا استعمال پرستاروں کے ساتھ انٹریکشن کرنے کے لیے کرتے ہیں اور فضول قسم کی تصویریں شئیر کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔
ماضی قریب میں کراچی میں ایک جہاز گرا وہاں جب آفریدی گئے تو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید ہوئی۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرے شہر میں جہاز گرا تو میرا دل کیا کہ میں وہاں جا کر صورتحال دیکھوں، میں وہاں گیا تو جتنے لوگ بھی کام کر رہے تھے میرے پاس آگئے اور میں بھی ان سے باتیں کرنے لگ گیا۔ فوجی جوان بھی موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر اگر تنقید ہوئی ہے تو میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے کبھی بھی فوج نے کوئی کام کرنے کو نہیں کہا، میں نے آج تک جو بھی کیا ہے اپنی مرضی سے کیا، تنقید کرنے والوں سے کہنا چاہوں گا کہ یہ فوج اسرائیل کی نہیں ہمارے ملک کی ہے۔‘
آفریدی کہتے ہیں کہ ’مجھے تو وزیراعظم نہ ہی بنائیں تو اچھا ہے، نہ میرا ایسا کوئی ارادہ ہے۔ باقی کل کو کیا ہونا ہے یہ تو اللہ کو بہتر پتہ ہے۔ میرے دل و دماغ میں فی الحال خدمت کی سیاست ہے اور مجھے یہی کرنی آتی ہے، دوسری سیاست سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں نے لوگوں کو کہتے سنا ہے کہ آفریدی عمران خان بننا چاہتا ہے، میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے میں جو کر رہا ہوں اسی میں خوش ہوں۔‘

جہاز تباہ ہونے کے بعد شاہد آفریدی بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے۔ فوٹو: ٹوئٹر

’لوگ اگر میرے بولنے پر تنقید کرتے ہیں تو میں کچھ نہیں کر سکتا، ہر بندے کی اپنی رائے ہوتی ہے جس کو جو کہنا ہے وہ کہتا رہے، کم از کم میں اپنے دل کی سنتا ہوں اور جو دل میں آتا ہے کہہ دیتا ہوں اگر میں یہ سوچنے لگ جاؤں کہ کون کیا سوچ رہا ہے یا کہہ رہا ہے تو پھر تو میں گھر سے ہی نہ نکلوں۔'
کرکٹ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ بورڈ سے بالکل بھی کوئی رابطہ نہیں ہے نہ ہی مجھے کوئی عہدہ ملنے کا امکان ہے میں اپنے کاموں میں مصروف ہوں۔'
وائرل تصویروں سے متعلق ایک سوال پر آفریدی کہتے ہیں کہ ان کی نماز پڑھنے کی تصویر اگر وائرل ہوتی ہے تو ’میں بتانا چاہتا ہوں کہ میری نماز میرا اور میرے رب کا معاملہ ہے، کسی کو خوش کرنے کے لیے نماز نہیں پڑھتا، ہر موبائل میں کیمرا ہے اگر کوئی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر ڈال دے تو کیا کیا جا سکتا ہے۔ اب اگر لوگ 10 سال پرانی تصویر نکال کر تنقید کرے تو اس وجہ سے میں نماز تو نہیں چھوڑسکتا۔'

شاہد آفریدی کی آرگنائزیشن فلاحی کاموں میں سرگرم ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے بارے میں آفریدی کہتے ہیں کہ ’72، تہتر سال کا پاکستان ہے، اس کے مسائل بہت زیاد ہیں، عمران خان کو بھی پتہ ہے کہ انہوں نے کیا کیا وعدے کیے ہیں ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے۔ موجودہ حکومت کو وقت ملنا چاہیے اور یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ یہ صرف عمران خان کا نہیں ہم سب کا پاکستان ہے ہم سب کو مل کر اس کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘
پانچویں بیٹی کی پیدائش کے حوالے سے آفریدی کا ماننا ہے کہ اللہ جس سے خوش ہوتا ہے اس کو بیٹیوں سے نوازتا ہے۔
’اللہ مجھ سے خوش ہے اس لیے بیٹیوں سے نوازتا ہے بیٹی سے بڑی نعمت کسی چیز کو نہیں سمجھتا۔‘

شیئر: