Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی پروازیں کیوں منسوخ ہو رہی ہیں؟

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق فلائٹ انکوائری کے مطابق اس وقت معمول کی پروازوں میں سیٹیں دستیاب نہیں ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 23 سے بڑھا کر 40 کرنے کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن پی آئی اے کی پروازوں کی منسوخی معمول بن گئی ہے۔
اسلام آباد، لاہور اور کراچی اور ملتان ایئرپورٹس کی ویب سائٹس کے مطابق 13 اکتوبر بروز منگل اسلام آباد سے پانچ، لاہورسے دو، کراچی سے چار پروازیں شیڈول تھیں تاہم ان میں سے صرف دو پروازوں کی روانگی متوقع ہے جبکہ باقی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح کل یعنی 14 اکتوبر کو بھی تمام پروازیں منسوخ ہیں تاہم صرف ایک پرواز کی روانگی متوقع ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کے مطابق سعودی عرب جانے والے پاکستانی ورکرز کی سہولت کے لیے گزشتہ ہفتے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازیں جن کی تعداد 23 تھی اب 40 کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 88 خصوصی پروازیں بھی چلائی جا رہی ہیں جو 24 اکتوبر تک روانہ ہوتی رہیں گی۔
اردو نیوز نے پروازوں کی منسوخی کے بارے میں معلومات کے لیے پی آئی اے فلائٹ انکوائری سے رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ پروازیں آپریشنل وجوہات کے باعث منسوخ کی گئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب جانے اور وہاں سے واپسی کے لیے سیٹیں دستیاب ہیں تاہم فلائٹ انکوائری کے مطابق اس وقت معمول کی پروازوں میں سیٹیں دستیاب نہیں ہیں۔
پی آئی اے ٹریول کنسلٹنٹ کے مطابق ’اس کی وجہ یہ ہے کہ کورونا کے درمیان منسوخ رہنے والی پروازوں کے مسافروں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ فراہم کیے گئے ہیں اس لیے اگلے ایک دو ہفتے تک کی تمام سیٹیں دستیاب نہیں تاہم خصوصی پروازوں میں بکنگ کے دن کے چار سے پانچ دن بعد سیٹیں دستیاب ہو رہی ہیں۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ خصوصی اور معمول کی پروازوں کے کرایوں میں کتنا فرق ہے پی آئی اے ٹریول کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ کرائے میں کچھ خاص فرق نہیں ہے، اس وقت اسلام آباد سے جدہ کی پرواز کا کرایہ 66 ہزار 660 روپے ہے۔

شیئر: