پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی بکنگ کا معمول کا طریقہ کار بحال کر دیا گیا ہے۔
اب سعودی عرب جانے والے مسافر آن لائن، ٹریول ایجنٹس یا پھر پی آئی اے کے دفاتر میں جا کر بکنگ کرا سکتے ہیں۔ تاہم کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط تاحال برقرار ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق معمول کی پروازوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے لیے جانے والی خصوصی پروازوں کا شیڈول بھی سسٹم میں شامل کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے کی اس وقت 23 معمول کی پروزاوں کے علاوہ رواں ماہ 88 خصوصی پروازیں بھی روانہ ہوں گی۔ یہ پروازیں سعودی عرب سے بھی مسافروں کو لے کر آئیں گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ’سعودی عرب کے لیے مسافروں کے لیے سیٹوں کی کمی کا مسئلہ مکمل طور پر حل کر لیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب کی فلائٹس: ’تمام ٹکٹیں ایک ہی دن میں فروخت‘Node ID: 505631
-
پی آئی اے کے ٹکٹس ملنے میں مشکلات کا سامنا کیوں؟Node ID: 506676
-
خصوصی اجازت، 180 پروازیں سعودی عرب جائیں گیNode ID: 509851
دوسری جانب ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ’اقامہ شرائط کے باعث 30 ستمبر سے قبل تو پی آئی اے نے ٹکٹوں کی بکنگ کا اختیار اپنے پاس رکھ لیا تھا تاہم صورت حال معمول کے مطابق آنے پر ٹریول ایجنٹس کی بکنگ بحال کر دی گئی ہے۔‘
ٹریول ایجنٹ تحسین جاوید نے بتایا کہ 'کورونا کے باعث فضائی آپریشن، حج و عمرے پر پابندی کے باعث کاروبار پہلے ہی مندی کا شکار تھے۔ پی آئی اے نے 30 ستمبر سے پہلے ٹریول ایجنٹس کو ٹکٹ نہ دے کر زیادتی کی گئی ہے۔ '
ان کے مطابق 'اب صورت حال معمول پر آ چکی ہے. امید ہے کہ عمرہ کی اجازت ملنے کے بعد کاروبار کھل جائے گا۔'
ٹریول ایجنٹ مبین احمد نے اردو نیوز کو بتایا کہ سسٹم میں تین اعداد کے ساتھ شامل پروازیں معمول کی پروازیں جبکہ چار اعداد کے ساتھ پروازیں خصوصی پروازیں ہیں جن کی بکنگ ٹریول ایجنٹس بھی کر سکتے ہیں جبکہ جو مسافر آن لائن بکنگ کرانا چاہتے ہیں وہ خود بھی اپنی سہولت کے مطابق بکنگ کرا سکتے ہیں۔
پی آئی اے اس وقت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ سے سعودی عرب کے چار شہروں ریاض، جدہ، مدینہ اور دمام کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں