Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے سعودی عرب کی پروازوں کا پہلا مرحلہ مکمل 

زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی معیاد 30 ستمبر کو ختم ہو رہی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر سفری پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی سعودی عرب کے لیے پروازوں کا پہلا مرحلہ بدھ کو مکمل ہوچکا ہے۔ 
سعودی حکومت نے 15 ستمبر سے کورونا وائرس کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹا دی تھیں جس کے بعد پاکستان میں موجود اقامہ ہولڈرز کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب جانے کی خواہش مند تھی۔ 
اس دوران پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پی آئی اے نے سعودی حکومت سے خصوصی اجازت نامے کے بعد مجموعی طور پر 93 پروازیں چلائیں جن میں 28 ہزار 516 مسافروں کو سعودی عرب لے جایا گیا۔ 
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'اس دوران سعودی عرب جانے والے مسافروں کا بے انتہا رش دیکھا گیا جسے دیکھتے ہوئے پی آئی اے انتظامیہ اور وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی دلچسپی کے باعث اضافی پروازوں کی اجازت ملی، تاہم جس تعداد میں مسافروں کا رش تھا پی آئی اے 50 فیصد مسافروں کی ہی ضرورت کو پورا کر سکا ہے۔' 
خیال رہے کہ زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی معیاد 30 ستمبر کو ختم ہو رہی تھی جس کی وجہ سے گنجائش سے زیادہ مسافر ٹکٹس حاصل کرنے کے خواہش مند تھے۔ 
پاکستان میں وزارت سمندر پار پاکستانی اور وزارت خارجہ نے 30 ستمبر کو میعاد ختم ہونے والے اقاموں کی تاریخ میں توسیع کرنے کی بھی درخواست کر رکھی ہے تاہم سعودی حکام نے اس حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔ 
سعودی عرب میں جزوی طور پر پروازوں کی بحالی کے اعلان کے بعد مسافروں کی جانب سے ٹکٹس بلیک میں بھی فروخت ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی تھی کہ زائد رقم وصول کرنے والے ایجنٹس کی شکایات درج کرائی جائیں۔ 
ترجمان پی آئی اے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'ٹکٹس مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور آئندہ اس قسم کی دشواری سے بچنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ 
ترجمان کے مطابق پی آئی اے مسافروں کی مانگ کو دیکھتے ہوئے اکتوبر میں پاکستان سے سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں کا اہتمام کرے گی۔

شیئر: