Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئرپورٹ پر سینکڑوں پاکستانی پھنس گئے

پاکستان قونصل خانے نے بتایا کہ ’اماراتی حکام سے پاکستانی مسافروں کے دبئی میں داخلے کی اجازت کے لیے بات کر رہے ہیں‘ (فوٹو:ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات (دبئی) میں پاکستان قونصل خانے کا کہنا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ کے دو مختلف ٹرمینلز پر 545 پاکستانیوں کو روک لیا گیا ہے۔
جمعرات کو پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روکے جانے والے تمام پاکستانی وزٹ (سیاحتی) ویزا پر دبئی پہنچے ہیں۔ ’دبئی پہنچنے والے کچھ مسافروں کے پاس واپسی کے ٹکٹ نہیں تو کچھ کے پاس ہوٹل بکنگ نہیں ہے۔‘
قونصل خانے کے مطابق متعدد پاکستانی مسافروں کے پاس دبئی میں قیام کے اخراجات بھی نہیں ہیں۔
پاکستان قونصل خانے نے بتایا کہ ’اماراتی حکام سے پاکستانی مسافروں کے دبئی میں داخلے کی اجازت کے لیے بات چیت کی گئی جس کے بعد بعض پاکستانیوں کو یو اے ای میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے‘
قونصل خانے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسافروں کو کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا جبکہ قونصل جنرل اور سٹاف ایئرپورٹ پر مسافروں کی مدد کے لیے موجود ہیں۔
پریس ریلیز میں مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بورڈنگ سے قبل داخلے کی شرائط پوری پوری کریں۔ 
اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ لاہور سے دبئی جانے والے 200 پاکستانی دبئی ایئر پورٹ پر پھنس گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں پھنسنے والے 200 پاکستانی وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تھے۔ پاکستان قونصل خانہ دبئی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ پاکستانیوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب میں وزٹ ویزا پر دبئی میں داخل ہونے کے لیے مسافروں کے پاس 2 ہزار درہم لازمی ہونے کی شرط ہے۔
ٹریول ایجنٹ بشارت علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'متحدہ عرب امارات کی حکومت کو خدشہ ہے کہ پاکستانی غیر قانونی طور پر رہنا شروع کر دیتے ہیں یا پھر دیگر ممالک میں نکلتے ہیں۔ اس لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دو ہزار درہم پاس رکھنے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔‘

شیئر: