Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزے کی میعاد میں 31 اکتوبر تک مفت توسیع

ویزے میں توسیع کے لیے کسی بھی تارک وطن کو محکمہ پاسپورٹ کے کسی بھی دفتر سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں: فائل فوٹو
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے شاہی فرمان پر تمام غیرملکیوں کے خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) ویزے کی میعاد میں 31 اکتوبر 2020 تک آن لائن توسیع کر دی ہے۔ 
ایسے تمام تارکین جو سعودی عرب سے سفری پابندیوں کے باعث خروج نہائی ویزا استعمال نہیں کر سکے تھے ان کے ویزے میں 14 ربیع الاول 1442 ھ مطابق 31 اکتوبر 2020 تک مفت توسیع کر دی گئی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر خزانہ نے خروج نہائی ویزے میں توسیع کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سعودی حکومت نئے کورونا وائرس بین الاقوامی وبا کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے یہ ان میں سے ایک ہے۔
محکمہ پاسپورٹ نے اطمینان دلایا ہے کہ تارکین کے خروج نہائی فائنل ایگزٹ ویزے میں توسیع آن لائن کی جا چکی ہے۔
یہ کام نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے انجام دے دیا گیا۔
ویزے میں توسیع کے لیے کسی بھی تارک وطن کو محکمہ پاسپورٹ کے کسی بھی دفتر سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے 28884 فائنل ایگزٹ ویزوں میں توسیع کی ہے۔

شیئر: