خواتین تفتیشی اہلکاروں نے طائف کا معروف ریستوران بند کر وادیا
ہفتہ 17 اکتوبر 2020 11:41
’ریستوران میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کچن میں جگہ جگہ کاکروج اور حشرات پائے گیے‘ ( فوٹو: سبق)
طائف میونسپلٹی کی خواتین تفتیشی اہلکاروں نے شہر کے معروف ریستوران کو صفائی کے فقدان اور غیر معیاری کھانا فراہم کرنے پر بند کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خواتین اہلکاروں نے کہا ہے کہ ’ریستوران میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کچن میں جگہ جگہ کاکروج اور حشرات پائے گیے، عملہ صفائی کے اصولوں کی پابندی سے آزاد پایا گیا اور فراہم کیے جانے والے کھانے میں معیار اور صفائی کا فقدان تھا‘۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’ تفتیشی اہلکاروں نے تمام خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں تصاویر اور ویڈیو میں محفوظ کر لیا ہے‘۔
’ضابطے کی کارروائی کے بعد ریستوران کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ مالکان پر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں متعلقہ محکمے میں حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔
طائف میونسپلٹی میں شعبہ خواتین کی سربراہ انجینئر ہنوف البقمی نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت کی حفاظت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے‘۔
’اس ضمن میں کسی بھی قسم کی لچک نہیں کی جائے گی، جو بھی تجارتی ادارہ رہائشیوں کی صحت کے لیے خطرے کا باعث بنے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی‘۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں