عالمی ادارے غریب ملکوں کی مدد جاری رکھیں: سعودی وزیر خزانہ
اتوار 18 اکتوبر 2020 5:41
عالمی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کی ترقیاتی کونسل کا آن لائن اجلاس ہوا ہے۔ ( فوٹو: عاجل)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے عالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں عالمی ادارے غریب ملکوں کے قرضوں سے متعلق کمزور پہلووں کی اصلاح کریں اور وائرس کے نقصانات پر قابو پانے کے لیے ان کی مدد جاری رکھیں۔
ایس پی اے کے مطابق الجدعان نے یہ بات عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کی ترقیاتی کونسل کے آن لائن اجلاس میں کی ہے۔
آن لائن اجلاس کا اہتمام جی ٹوئٹنی کی طرف سے سعود ی عرب کی صدارت میں کیا گیا تھا۔
سعودی وزیر خزانہ نے بتایا کہ جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک غریب ملکوں کی مدد کے پروگرام میں مزید چھ ماہ کی توسیع پر متفق ہوگئے ہیں۔ اس کی شروعات یکم جنوری 2021 سے ہوگی جس کے تحت غریب ملکوں کو اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کے لیے اضافی مدد دی جائے گی اور انہیں وبا سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل استعمال کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
محمد الجدعان نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اقتصادی خوشحالی اور اقتصادی بحران سے نکلنے کے لیے تعمیر نو پر توجہ مرکوز کی جائے۔