Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھ روسی انٹیلیجنس افسران پر فرد جرم عائد

روس کی فوجی انٹیلجنس کے چھ افسران امریکی تحویل میں نہیں (فوٹو: اے پی)
امریکہ میں یوکرین، فرانسیسی انتخابات اور اولیمپکس گیمز پر سائبر حملوں میں مبینہ طور پر ملوث روس کی فوجی انٹیلجنس کے چھ افسران پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
امریکہ کے محکمہ انصاف کے مطابق کہ ان روسی افسروں نے یوکرین کے بجلی کے گرڈ سٹیشن، 2017  کے فرانسیسی الیکشن اور 2018  کے ونٹر اولیمپکس پر سائبر حملے کیے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جی آر یو کے چھ ایجنٹس پر الزام ہے کہ اس نے ’ناٹ پیٹیا‘ کے نام سے مالویئر حملہ کیا اور دنیا بھر میں کمپیوٹرز کو متاثر کیا جس کی وجہ سے صرف امریکی کمپنیوں کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
اس کے علاوہ انہوں نے مبینہ طور پر سابق روسی ایجنٹ سرگئی سکرپل اور ان کی بیٹی پر حملے کے کیس میں بین الاقوامی تحقیقات کو بھی نشانہ بنایا اور جارجیا میں میڈیا کے اداروں اور پالیمنٹ پر بھی سائبر حملے کیے۔
امریکہ کی جانب سے روسی فوجی انٹیلیجنس کے جن افسران پر سائبر حملوں کا الزام ہے ان میں سابق اور موجودہ افسران شامل ہیں۔ ان میں کوئی بھی افسر فی الحال امریکی حراست میں نہیں۔
امریکی اٹارنی جنرل جان ڈیمرر نے کہا کہ یہ چھ روسی افسران کمپیوٹر کے ذریعے کسی ایک گروپ کی جانب سے سب سے زیادہ تباہ کن حملوں کے ذمہ دار ہیں۔
جان ڈیمر نے مزید کہا کہ جی آر یو کے اسی یونٹ پر 2016  کے امریکی الیکشن میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام تھا جبکہ اس کیس میں 2020 کے انتخابات میں مداخلت کے الزامات نہیں ہے۔

امریکی اٹارنی کے مطابق روسی افسران کمپیوٹر کے ذریعے سب سے زیادہ تباہ کن حملوں کے ذمہ دار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

ان چھ روسی افسران پر کمپیوٹر فراڈ، وائر فراڈ اور پروٹیکٹڈ کمپیوٹرز کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ 2017 میں انتخابات سے قبل روسی افسران نے فرانسیسی صدر ایمانویل میخواں کی سیاسی جماعت اور مقامی فراسیسی حکومتوں کے خلاف ’ہیک اور لیک‘ کی کیپمین چلائی۔
امریکی اٹارنی جنرل جان ڈیمرز کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں پیانگ چانگ ونٹر اولیمپکس کو کو ہدف بنایا گیا۔ روس کے کھلاڑیوں پر اس لیے پابندی عائد کی گئی تھی کہ حکومتی سربراہی میں کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کی ادویات دی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اولیمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران مالویئر حملہ کیا اور گیمز کو سپورٹ کرنے والے ہزاروں کمپیوٹرز سے ڈیٹا ڈیلیٹ کیا گیا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: