Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز کا خدشہ، اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی بند

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا تھا کہ شہر میں کورونا کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کو کورونا کیسز کے خدشے کے پیش نظر بند کر دیا گیا ہے۔
ریکٹر اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی کیمپس کو 29 اکتوبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں ربیع الاول کی عام تعطیلات کے بعد دو نومبر سے دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ 
انہوں نے کہا کہ 'ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی رینڈم سیمپلنگ کی گئی ہے تاہم اب تک کتنے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں ضلعی انتظامیہ نے اس بارے آگاہ نہیں کیا۔‘

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'کیمپسز کو بند کرنے کا فیصلہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کرنے کے لیے کیا گیا ہے، چھٹیوں میں یونیورسٹی میں سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کے لیے اقدامات کو بڑھایا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'یونیورسٹی میں کیسز کی تعداد کل تک سامنے آجائے گی، احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی انتظامیہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو مزید سخت بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے یونیورسٹی کو بند کرنے کی سفارش کی ہے۔‘ 
خیال رہے کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کے بعد انتظامیہ نے قائداعظم یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سمیت متعدد تعلیمی ادارے سیل کیے ہیں جبکہ رہائشی سیکٹرز کی چند گلیوں کو بھی وبا کے پھیلنے کے پیش نظر سیل کر دیا گیا ہے۔ 
اس سے قبل کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کہا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو ملک میں دوبارہ سے سروسز کو بند کر دیا جائے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں