عمرہ بحالی کا تیسرا مرحلہ، بیرون ملک سے زائرین کی آمد
عمرہ بحالی کا تیسرا مرحلہ، بیرون ملک سے زائرین کی آمد
اتوار 1 نومبر 2020 2:34
ایئر پورٹ پر مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
عمرہ بحالی کے تیسرے مرحلے کے آغاز پر بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی پہلی پرواز اتوار کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی۔
واضح رہے تقریبا 8 ماہ کی پابندی کے بعد محدود پیمانے پر بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہورہی ہے۔
عمرہ زائرین کے لیے ایئر پورٹ پر مکمل احتیاطی تدابیر اختیارکی گئی ہیں۔ زائرین کو ایئر پورٹ سے مخصوص بسوں میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں پہنچایا جائے گا بعدازاں انہیں گروپس کی شکل میں عمرہ کرانے مسجد الحرام لے جایا جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کئی ماہ کی معطلی کے بعد بیرون مملکت سے عمرہ کی پہلی پرواز ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی۔
وزارت حج و عمرہ نےکہا ہے کہ عمرہ زائرین کے استقبال کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ زائرین کے وطن سے لے کر سعودی عرب کے متعلقہ ائیرپورٹ تک انہیں ہر طرح کی حفاظتی سہولتیں مہیا ہوں گی۔
امیگریشن کی کارروائی کے بعد زائرین کے داخلی سفر اور پھر عمرہ و زیارت کے دوران ان کے تحفظ کا پورا اہتمام ہوگا۔
وزارت حج و عمرہ نے غیرمعمولی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام عمرہ کمپنیوں اور قیام و طعام و ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے تمام اداروں کو حفاظتی ضوابط کا پابند بنادیا ہے۔
عمرہ بحالی کےتیسرے مرحلے میں دس ہزار عمرہ زائرین سعودع عرب پہنچ رہے ہیں۔ نائب وزیر حج کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو پہلے اجازت نامہ لینا ہوگا۔ میقات پر پہنچنے سے قبل انہیں تین دن آئسولیشن میں رہنا ہوگا ۔پروٹوکول کے مطابق عمرہ زائرین دس دن مملکت میں قیام کرسکیں گے۔ اس میں تین دن آئسولیشن کے شامل ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کا اہتمام کیا ہے۔ اعتمرنا ایپ جاری کی ہے تاکہ عمرہ زائرین اور نمازی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں منظم طریقے سے عبادت کرسکیں۔
وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مملکت آمد سے لے کر روانگی تک حفاظتی تدابیر کی مکمل پابندی کریں۔اپنی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مقرر موثر تدابیر پر عمل کریں۔ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور خود کو وائرس کی گرفت میں جانے سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔سینیٹائزنگ کا اہتمام کریں۔
قبل ازیں وزارت حج و عمرہ نے خارجی عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز جاری کیے تھے۔ جن کے تحت 18 برس سے 50 برس عمر والوں ہی کو عمرہ پر آنے کی اجازت ہوگی۔ زائرین کو پی سی آر ٹیسٹ سرٹیفکیٹ پیش کرکے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کووڈ 19 وائرس سے پاک ہیں۔ سرٹیفکیٹ زائر کے ملک میں ایسے ادارے ہی کا قابل قبول ہوگا جو مملکت کے سسٹم پر ہیں۔
اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثیمین نے بیرون مملکت سے آنے والے معتمرین کو پیشگی خوش آمدید کہتے ہوئے کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
ویب نیوز سبق نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر العثیمین کے حوالے سے کہا ہے کہ او آئی سی کا پلیٹ فارم اسلامی دنیا کی آواز کی حیثیت رکھتا ہے اس حوالے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کےلیے مرحلہ وار بحالی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین اس امر کا خیال رکھیں کہ وبائی مرض کورونا ختم نہیں ہوا۔ اس حوالے سےمتعلقہ اداروں کی جانب سے احتیاطی تقاضوں کے تحت اصول وضع کیے گئے ہیں جن پرعمل کرتے ہوئے عمرہ ادا کریں۔