انڈیا: الہ دین کا چراغ 70 لاکھ میں بیچنے والے دو افراد گرفتار
انڈیا: الہ دین کا چراغ 70 لاکھ میں بیچنے والے دو افراد گرفتار
اتوار 1 نومبر 2020 14:52
چراغ بیچنے کے فراڈ میں ایک ملزم کی اہلیہ بھی شامل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں ان دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ایک ڈاکٹر کو 93 ہزار ڈالر میں الہ دین کا چراغ بیچا اور اس میں سے جعلی جن بھی برآمد کر کے دکھایا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لئیق خان نے یہ جاننے کے بعد کہ چراغ رگڑنے کے بعد کوئی جن برآمد نہیں ہوتا اور اس میں کوئی جادوئی طاقت نہیں اترپردیش پولیس سے رابطہ کیا۔
علاقے کے سینیئر پولیس افسر امیت رائے نے اے ایف پی کو بتایا کہ جعل سازوں نے ڈاکٹر سے بہت بڑی رقم کا معاملہ طے کیا تھا مگر ڈاکٹر نے ان کو 70 لاکھ انڈین روپے دیے جو 93 ہزار امریکی ڈالرز بنتے ہیں۔
پولیس افسر کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔’ایک ملزم کی اہلیہ بھی اس فراڈ میں شامل ہے تاہم اس کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔‘
گذشتہ ہفتے درج کی گئی اپنی شکایت میں لئیق خان نے کہا کہ ان میں سے ایک آدمی نے خود کو جادوگر بنایا اور ان کو جن بھی دکھایا جو کہ چراغ سے برآمد ہوا۔
لیکن جب لیئق خان نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ جن کو چھو سکتے ہیں یا چراغ گھر کے جاسکتے ہیں تو انہوں نے انکار کیا اور کہا کہ چراغ ان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
آخر کار انہوں نے لیئق خان کو چراغ فروخت کر دیا اور وعدہ کیا کہ یہ چراغ ان کو صحت اور دولت دے گا اور خوش قسمتی کا باعث بنے گا۔
لیئق خان نے بتایا کہ بعد میں ان کو احساس ہوا کہ جن اصل میں ان ہی میں ایک آدمی تھا جس نے بھیس بدلا۔
پولیس افسر امیت رائے کے مطابق ان آدمیوں نے دیگر خاندانوں کے ساتھ بھی دھوکہ کیا اور یہی طریقہ کار اپنایا۔