دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کو انڈیا میں سب سے زیادہ شناخت رکھنے والا جوڑا قرار دیا گیا (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن کو انڈین فلم انڈسٹری کی سب سے قابل اعتماد شخصیت اور دیپکا پاڈوکون کو سب سے قابل اعتماد اداکارہ قرار دیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلیبریٹیز ریسرچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امیتابھ بچن کے حق میں 88 فیصد افراد نے رائے دی ہے جبکہ اکشے کمار کو 86.8 فیصد افراد نے بالی وڈ کی سب سے قابل اعتماد شخصیت قرار دیا ہے۔
دیپکا پاڈوکون 82.8 فیصد افراد کی رائے کے ساتھ بالی وڈ کی سب سے قابل اعتماد اداکارہ قرار پائی ہیں جبکہ انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کو انڈین سلیبریٹیز جوڑوں میں پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔
معروف ٹی وی سٹار کپل شرما، ٹی وی کی سب سے قابل اعتماد شخصیت قرار پائے ہیں۔ ان کے حق میں 63.2 فیصد افراد نے رائے دی جبکہ خواتین سلیبریٹیز کی فہرست میں کاجول پہلے نمبر پر رہیں۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو کھیلوں کی مرد سلیبریٹیز میں پہلا نمبر دیا گیا ہے جبکہ انڈین وومن کرکٹ ٹیم کی کپتان مِتھالی راج کو خواتین سپورٹس سلیبریٹیز میں سب سے قابل اعتماد شخصیت قرار دیا گیا ہے۔
بالی وڈ کے اداکار رنویر سنگھ اور ٹاپ ہیروئن دیپکا پاڈوکون کو انڈیا میں سب سے زیادہ شناخت رکھنے والا جوڑا قرار دیا گیا ہے۔
بالی وڈ اداکار آیوشمن کھُرانا انڈیا میں سب سے زیادہ شناخت رکھنے والی شخصیت قرار پائے ہیں۔ بالی وڈ کی سٹار اداکارہ کرینہ کپور اور بھارتی سنگھ انڈیا میں ٹی وی پر سب سے زیادہ شناخت رکھنے والی خواتین سلیبریٹیز قرار پائی ہیں۔
اس کے علاوہ دیپکا پاڈوکون کو (60.3 فیصد افراد کے مطابق) انڈیا کی سب سے گلیمرس سلیبریٹی بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ پرینکا چوپڑا (57.7 فیصد افراد کی رائے کے مطابق) دوسرے نمبر پر رہیں۔ اداکار رنبیر کپور اس فہرست میں تیسری پوزیشن پر ہیں، ان کے حق میں 52.4 فیصد افراد نے رائے دی۔
یاد رہے کہ یہ رپورٹ انڈیا کے 23 شہروں میں 60 ہزار افراد کا ردعمل لینے کے بعد تیار کی گئی ہے۔
ان شہروں میں احمدآباد، پٹنہ، بینگلور، آگرہ، دہلی، لدھیانہ اور وشکاپٹنم سمیت دیگر شہر بھی شامل ہیں