Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیوبک حملہ آور کا تعلق دہشت گرد تنظیم سے نہیں: کینیڈا

سنیچر کی رات کیوبک شہر میں حملے کے بعد شہریوں کو گھروں میں رہنے کے لیے کہا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
کینیڈا میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ کیوبک شہر میں تلوار سے دو افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کا کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق نہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو کیوبک شہر کے پولیس سربراہ رابرٹ پگیون نے صحافیوں کو بتایا کہ 'گزشتہ شام ہم ایک ایسی خوف سے بھری رات کا شکار ہوئے جب ایک 24 برس کا شخص زیادہ سے زیادہ افراد کی جان لینے کی نیت سے یہاں آیا۔'

 

پولیس سربراہ کے مطابق حملہ آور کا تعلق کیوبک شہر سے نہیں۔ 'تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ جاپانی تلوار سے لیس شخص نے حملے کے لیے کسی خاص موقعے اور افراد کو نہیں چنا تھا۔'
واضح رہے کہ کینیڈا کے شہر کیوبک میں تلوار سے مسلح ایک شخص نے حملہ کر کے دو افراد کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کر دیا تھا، حملہ آور کو بعد ازاں تلاش کر کے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
 اتوار کو حملے کے بعد کیوبک پولیس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’رات ایک بجے کے بعد کیوبک سٹی پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے اور شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے اور دروازے بند رکھنے کی اپیل کی ہے کیونکہ اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘

شیئر: